ٹی بی سے پاک قرار دئیے جانے پر وزیراعظم نریندر مودی نے ڈپٹی کمشنر کو ایوارڈ سے نوازا
سری نگر:26،مارچ: کے این ایس : / پلوامہ کو ٹی بی بیماری سے پاک قرار دیا گیا ہے۔ ضلع پلوامہ نے ٹی بی کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔وزیراعظم نریندر مودی نے ڈپٹی کمشنر پلوامہ کو اس کامیابی پر ایوارڈ سے نوازا۔ادھر سماج کے مختلف طبقوں نے ضلع انتظامیہ اور ڈسڑکٹ ٹی بی سنٹر پلوامہ کو ٹی بی بیماری پر قابو پانے پر مبارک باد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی کوششوں اور ڈسڑکٹ ٹی بی سینٹر سے وابستہ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے پلوامہ نے ٹی بی بیماری پر قابو پانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کامیابی پر وزیراعظم نریندر مودی نے ایک تقریب پر ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق کو ایوارڈ سے نوازا۔اس دوران ضلع پلوامہ کے نامور شاعر، ادیب اور قلمکار عبدل رحمان فدا نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ ضلع پلوامہ کو تپ دق جیسی مہلک بیماری سے صاف و پاک قرار دیا گیا ہے اور یہ سب کچھ محکمہ صحت خاص کر ٹی بی سینٹر سے وابستہ افسران اور دیگر متعلقہ عملے کی جانفشانی سے اپنے فرائض کی انجام دہی کا نتیجہ ہے جس کے لئے میں ذاتی طور اور اپنی ادبی تنظیم نوو ادبی کاروان پلوامہ کی جانب سے دل کی گہرائیوں سے ان کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک حوصلہ افزاء بات ہے کہ ہمارا ضلع پلوامہ ٹی بی بیماری سے بالکل صاف و پاک ہوا ہے۔ادھر جموں و کشمیر سول سوسائٹی فورم کے سربراہ فیاض اندرابی ،ڈسٹرکٹ کلچرل سوسائٹی کے نائب صدر غلام محمد دلشاد،معروف سوشل ورکر غمگین مجید ،کامران ہیلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے چیرمین کامران خورشید اور پلوامہ کے نامور شاعر فیاض دلگیر کے علاوہ دیگر کئی افراد نے ڈسڑکٹ ٹی بی سینٹر سے وابستہ ڈاکٹروں اور ضلع انتظامیہ کو اس کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔