سری نگر/04مارچ2024ئ لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا اور مرکزی وزیر برائے ماہی پروری مویشی پروری اور ڈیری پرشوتم روپالا نے آج سکاسٹ کشمیر میں دو روزہ ٹیکنالوجی ایگزبیشن کم سیڈ میلے کا اِفتتاح کیا۔ اِس تقریب میں جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈی پی) کے تحت سکاسٹ کشمیر کے کمرشل سلیج یونٹ ، کرشی ریڈیو اوررورل اِنٹرن شپ۔ حکومت کے سٹوڈنٹ رورل ایکسپلوریشن پروگرام سمیت مختلف کاموں اور پروگراموں کا اِفتتاح کیا گیا۔ مرکزی وزیر ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری پرشوتم روپالا نے اَپنے خطاب میں جموں و کشمیر کے زراعت اور اس سے منسلک شعبے میں تبدیلی لانے اور اِختراع پر مبنی ایگری سٹارٹ اَپس کو فروغ دینے کے لئے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت والی یوٹی اِنتظامیہ کی ستائش کی۔اُنہوں نے جموں و کشمیر کے لئے ایکوا پارک کا بھی اعلان کیا۔ اُنہوں نے مویشیوں کی پیداوار بڑھانے، ماڈرن فش مارکیٹ کے قیام اورجموںوکشمیر یوٹی میں مقامی کسانوں اور چرواہوں کے لئے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کی۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر اور مرکزی حکومت کا جموںوکشمیر یوٹی کے زراعت اور اس سے منسلک شعبے کی ترقی میں تعاون اورسپوٹ کے لئے شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے زرعی شعبے میں اصلاحات لانے اور جموں کشمیر کی صلاحیت کو اُجاگر کرنے میں سکاسٹ کشمیر کے اہم کردار کی سراہنا کی۔