عرفات:۱۴؍جون
عالم اسلام کے زائداز 15 لاکھ عازمین حج دین اسلام کی مقدس ترین سرزمین مکہ معظمہ میں جمع ہوگئے ، جہاں سے فریضہ حج بیت اللہ کے سالانہ مناسک یعنی جمعہ سے آغاز ہوگیا۔ جب اللہ کے مہمان اپنے خالق و مالک حقیقی کے حکم پر تعمیل کرتے ہوئے لبیک اللھم لبیک ، لبیک لاشریک لک لبیک کی گونج میں احرام پوش عازمین کا یہ سفید سمندر خیموں کے شہر منیٰ کی سمت پیش قدمی کرے گا۔ سال میں ایک مرتبہ آباد ہونے والا خیموں کا شہر اللہ کے مہمانوں کے استقبال کے لئے پوری طرح تیار ہوچکا ہے، جہاں ان کا 5روزہ قیام رہے گا جس کا آغاز جمعہ کو ترویہ سے ہوگیا۔ اس دوران رمی جمار کے طور پر وہ شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔ قربانی کے جانور ذبح کریں گے۔بعدازاں خانہ کعبہ کے طواف کے لئے حرم مکہ روانہ ہوں گے جہاں یہ پانچ روزہ مناسک کا اتوارکو عیدالاضحیٰ پر اختتام عمل میں آئے گا۔ اللہ کے مہمانوں کا قافلہ سنیچر کی صبح مکہ معظمہ سے تقریباً 9کلو میٹر دور واقع میدان عرفات روانہ ہوگا جہاں مناسک حج کی تکمیل کے ایک حصہ کے طور پر صبح تا غروب قیام کریں گے۔ وقوفِ عرفات کے بعد خوش نصیب حجاج کرام مزدلفہ پہونچ کر بیک وقت مغرب اور عشاءکی نماز ادا کریں گے۔ جمعرات کی شب معبودِ حقیقی اللہ رب العزت کی عبادت، ذکر اور دعاوں میں مشغول رہیں گے اور اتوارکی صبح عیدالاضحی ہوگی اور حجاج کرام رمی جمار اور قربانی دینے کے بعد خانہ کعبہ کا طواف کریں گے۔