سرینگر:۱۴؍جون
چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے 21؍ جون 2024 کو منائے جانے والے 10 ویں بین الاقوامی یوگا ڈے کی تقریبات کے موقعہ پر آج مائی گوو پورٹل https://jk.mygov.in/پر جموں و کشمیر کے شہریوں کے لئے متعدد آن لائن مقابلوں کاآغاز کیا۔اِن مقابلوں میں’یوگا فار سیلف اینڈ سوسائٹی‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے یوگا ڈوڈل چیلنج، مضمون نگاری، پوسٹر سازی اور کہانی سنانے والے ویڈیو مقابلے شامل ہیں۔ یہ مقابلے جموں و کشمیر مائی گوو پورٹل پر لائیو ہیں اور رجسٹریشن 30 ؍جون 2024 ء تک کھلی ہے۔ پہلے نمبر پر آنے والے کو 10 ہزار روپے، دوسرے کو 8 ہزار روپے اور تیسرے کو 5 ہزار روپے کا نقد انعام دیا جائے گا۔ دلچسپی رکھنے والے شرکأ مائی گوو پورٹل پر اندراجات رجسٹر اور جمع کرسکتے ہیں۔اِس کے علاوہ یہ پورٹل شہریوں کو 30 ؍جون 2024 ء تک اَپنی سیلفیز اَپ لوڈ کرنے کا موقعہ فراہم کرتا ہے۔ اِس سلسلے میں ایک کسٹم فریم تیار کیا گیا ہے تاکہ شہری اَپنی یوگاسیلفی کا اِشتراک کرسکیں اوریوگا، تندرستی اور خود کی دیکھ ریکھ کی تحریک کو فروغ دے سکیں۔ چیف سیکرٹری نے اِن مقابلوں کا آغاز کرتے ہوئے متعلقہ اِداروں سے کہا کہ وہ سکولی بچوں سمیت زیادہ سے زیادہ شہریوں کو مواقع فراہم کریں۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ ضلعی سطح پر شہریوں کی شمولیت کو فروغ دیں۔اُنہوں نے یوگا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدیم مشق ذہن سازی کی تکنیک کو فروغ دیتی ہے جو آرام کے ساتھ ساتھ تناؤ اور اِضطراب کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔