عرفات :۱۵؍جون
اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اللہ پر توکل کرنے والوں کیلئے اللہ ہی کافی ہوتا ہے، اس دن سے ڈرو جب بیٹا باپ کے اور باپ بیٹے کے کام نہ آئے گا، نماز پڑھو بے شک نماز برائی سے بچاتی ہے، اللہ پر توکل رکھنے والوں کو دنیا اور آخرت میں کامیابی ملتی ہے کا اعلان کرتے ہوئے مسجد الحرام کے امام اور خطیب ڈاکٹر الشیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو متحد ہوکر رہنے کا حکم دیا ہے اور فرقہ فرقہ ہونے سے منع فرمایا ہے۔ تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ متحد ہوجائیں۔ مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق میدان عرفات میں وقوف عرفہ ادا کرنے کیلئے عازمین حج کی بڑی تعداد موجود ہے۔ 20 لاکھ سے زائد عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے وہاں موجود ہیں۔اس دوران مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے امام کعبہ وخطیب ڈاکٹر الشیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا کہ اللہ کا حکم ہے تمام مسلمان متحد ہو کر رہیں۔ اللہ نے مل جل کر بیٹھنا نجات بنایا اور جدا ہونا عذاب ہے۔ ڈاکٹر الشیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا کہ تمام تعریفیں اللہ کیلئے ہیں جس نے مل جل کر بیٹھنا نجات بنایا اور جدا ہونا عذاب ہے، اللہ نے جڑ کر رہنے کا حکم دیا اور ہر اس چیز سے منع کیا ہے جو تفرقہ ڈالے، وہی امیدوں کا مرکز ہے اور ہم اسی سے ڈرتے ہیں، خدا رحمان ا و رحیم ہے اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد الرسول اللہﷺ اللہ کے رسول اور بندے ہیں جنہوں نے سب کے ساتھ مل کر رہنے اور تعاون کا حکم دیا اور منافرت کو منع کیا۔ڈاکٹر الشیخ ماہر بن حمد المعیقلی نے کہا کہ اللہ نے اپنے رسول کے ذریعے دلوں کو جوڑا اور لوگوں کے احوال کو درست کیا، ہر نبی نے آکر یہی دعوت دی کہ اللہ کی بندگی کرو، اللہ ایک ہے اور صرف اسی کی عبادت کی جائے، نماز، روزہ، زکوۃاور بیت اللہ کے حج کا اللہ نے حکم دیا ہے۔