بارہمولہ/17 اکتوبر2024ئ ممبر پارلیمنٹ بارہمولہ اِنجینئر عبدالرشید نے آج بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں جل شکتی محکمہ کے تحت کاموں کا جائزہ لینے کے لئے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ممبر ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل مظفر احمد ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ظہور احمد رینہ، چیف انجینئر پی ایچ ای جل شکتی کشمیرسنجیو ملہوترا، چیف پلاننگ آفیسر بارہمولہ،کپواڑہ، بارہمولہ اور بڈگام کے تمام پی ایچ ای ڈویژنوں کے ایگزیکٹو انجینئروں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔میٹنگ کے شروعات میں چیف انجینئر نے بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں جل جیون مشن کے تحت سکیموں کی ایک جامع اپ ڈیٹ فراہم کی اور چیئر کو جانکاری دی کہ 85 فیصد سے زیادہ گھروں کو ”ہر گھر نل سے جل“ کے تحت پینے کے قابل نل کے پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔میٹنگ کو یہ بھی جانکاری دی گئی کہ بقیہ 15 فیصد سکیموں پر کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے جس کا مقصد ہر گھر کو گھر پر پانی کا کنکشن فراہم کرنا ہے ۔ممبر پارلیمنٹ نے محکمہ جل شکتی کے تحت جاری سکیموں کا ڈویژن وار جائزہ لیا اور ان منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ ان سکیموں کے مطلوبہ فوائد عام لوگوں تک پہنچیں۔