سرینگر//جموں و کشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جنرل سکریٹری اشوک کول نے جمعرات کو کہا کہ جموں و کشمیر میں ریاست کی بحالی کے بارے میں حتمی فیصلہ ایجنسیوں کے ان پٹ کے بعد مرکزی حکومت کرے گی۔کشمیرنیوز سروس( کے این ایس ) کے مطابق ان باتوں کا اظہار جمعرات کو سری نگر میں بی جے پی لیڈر پنڈت پریم ناتھ ڈوگرا کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر کہے۔تاہم، کول نے کہا کہ "اگر گگنگیر جیسے واقعات ہوتے رہتے ہیں، تو حکام سیکورٹی ایجنسیوں کے ان پٹ پر جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کا فیصلہ کریں گے”۔20اکتوبر کو ایک مہلک حملے میں عسکریت پسندوں نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں سونمرگ کے سیاحتی مقام کے قریب گگنگیر میں تعمیراتی سائٹ کے کارکنوں پر ایک ہدفی حملے میں ایک ڈاکٹر سمیت سات افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔کول نے کہا، "اگر وہ (ایجنسیاں) محسوس کرتے ہیں کہ یہ مناسب وقت ہے، تو جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کر دیا جائے گا”۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ دونوں نے اکثر کہا ہے کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لیے مناسب وقت پر قدم اٹھایا جائے گا۔کول نے کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی پہلی کابینہ کی میٹنگ میں جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کی قرارداد منظور کی ہے جیسا کہ یہ ان کی پارٹی کے منشور میں تھا اور لیفٹیننٹ گورنر نے اس کی منظوری دے دی ہے۔وزیر اعلیٰ عمر نے بدھ کو دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور امکان ہے کہ وہ وزیر اعظم مودی سے ملاقات کریں گے جو جمعرات کو روس میں برکس میٹنگ میں شرکت کے بعد آرہے ہیں۔کول نے کہا، ”عمر کو وزیر اعظم نریندر مودی کے سامنے اپنا مطالبہ رکھنے کا حق ہے۔بی جے پی لیڈر نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ مرکزی حکومت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں کام کرنے والی سیکورٹی ایجنسیاں فیصلہ کریں گی کہ ریاست کو بحال کرنے کا یہ مناسب وقت ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا، ”اگر گگنگیر حملے کے وقت میں فرق نہ ہوتا تو وہ (عسکریت پسند) وہاں سینکڑوں لوگوں کو ہلاک کر سکتے تھے“۔ایک سوال کے جواب میں کول نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔ان سے بات کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔”دہشت گردی پھیلانے والے پاکستان سے بات کرنے کی ضرورت نہیں۔ وہ دہشت گردی پھیلانا بند کریں اور حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین سمیت وہاں چھپے مطلوب دہشت گردوں کو حوالے کریں۔ ہم ان سے بات کریں گے۔