سری نگر/25 اکتوبر2024ئلیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے آج کشمیر یونیورسٹی کے کانووکیشن کمپلیکس میں ریجنل ڈائریکٹر آرٹ آف لیونگ محترمہ وندنا دفتاری کے تصور کردہ لل دید ”لل بہ دریایَس“کے اوپیرا میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں آرٹ آف لیونگ فاو¿نڈیشن، جموں و کشمیر کلچرل اکیڈیمی اور کشمیر یونیورسٹی کی عظیم صوفی سنت شاعر کی زندگی اور تعلیمات کا احترام کرنے کی کوششوں کی سراہنا کی۔ اُنہوں نے کہا کہ اوپیر قابل احترام لل دید کی طرف سے سکھا ئی گئی لازوال اقدار کا اثبات ہے جو ہمارے معاشرے کو تشکیل دیتے رہتے ہیں۔اُنہوں نے کشمیر کے روحانی اور ثقافتی ورثے کو مالا مال کرنے اور سماج کی تشکیل میں لل دید کی گرانقدر خدمات اور گہرے اثرات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ لل دید کا پیغام آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا ان کے دور میں تھا جس نے ہمیں مذہبی اور معاشرتی تقسیم سے اوپر اٹھنے اور انسان ہونے کے مشترکہ تجربے میں طاقت حاصل کرنے کی ترغیب دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ لل دید کی زندگی اور تعلیمات کی گونج آج بھی اتنی ہی گہری ہے جتنی 14 ویں صدی میں تھی۔ ان کی روحانی حکمت اور شاعری نے پورے معاشرے کو نئے امکانات کے لئے بیدار کیا۔اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ صوفی شاعر کی زندگی سے تحریک لیں اور ان کی تعلیمات سے حکمت حاصل کریں۔لل دید کی داستان ہمیں سکھاتی ہے کہ مصیبت کتنی ہی بڑی کیوں نہ ہو ، اندرونی طاقت ، ایمان او رہمت مشکل ترین چیلنجوں کو بھی ترقی اور روشن خالی کے مواقع میں بد سکتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ ان کی تعلیمات ہمیں سچائی کی راہ پر گامزن کرتی ہیں اور ہمیں اندرونی تلاش، روح کو صاف کرنے اور ہر عمل میں پاکیزگی حاصل کرنے کے سفر پر جانے کی ترغیب دیتی ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”ایک ایسے معاشرے میں جہاں خواتین کی آواز کو اکثر خاموش کر دیا جاتا تھا، لل دید کی آواز بلند ، طاقتور اور واضح تھی اور یہ آواز صدیوں سے گونج رہی ہے۔“اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ثقافتی جڑوں سے جُڑیں اور لل دید جیسی عظیم شخصیات کی تعلیمات کو محفوظ رکھیں۔اُنہوں نے کہا کہ آپ اس سرزمین کا مستقبل ہیں، اس کی شاندار روایات اور اقدار کے علمبردار ہیں۔ لل دید کی تعلیمات ہر قدم پر آپ کی رہنمائی کریں گی اور آپ کو دکھائیں گی کہ سچائی، ایمانداری اور صبر سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔
اوپیرا کی مسحور کن پرفارمنس موسیقی، رقص اور روحانیت کو یکجا کرتی ہے جس میں لل دید کی، محبت، ہمدردی اور خود شناسی کے بارے میں لازوال تعلیمات کو دِکھایا گیا ہے۔
اِس موقعہ پر وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی پروفیسر نیلوفر خان،پرنسپل سیکرٹری محکمہ ثقافت سریش کمار گپتا،ریجنل ڈائریکٹر آرٹ آف لیونگ محترمہ وندنا دفتاری،معروف میوزک ڈائریکٹر پنڈت کرشن لنگو، یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور آرٹ کے شائقین اور طلباءکی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔