گاندر بل 10 نومبر 2024 ئ وزیر برائے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس مسٹر ستیش شرما نے آج مقامی کھیلوں اور نوجوانوں کی مصروفیات کو فروغ دینے کیلئے صفا پورہ گاندر بل میں منعقدہ ٹیلنٹ ہنٹ انڈر 19 کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں شرکت کی ۔ فرینڈ ہیومینٹیرین ٹرسٹ صفا پورہ کے زیر اہتمام اس ٹورنامنٹ میں 16 ٹیموں نے حصہ لیا اور یہ جون سے نومبر 2024 تک جاری رہا ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ستیش شرما نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں اور کشمیر میں عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات کے قیام کیلئے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں میں فعال شمولیت کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں توازن پیدا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود نوجوانوں کی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے ، انہیں سماجی برائیوں سے دور رکھنے ، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔