نئی دہلی/جموں/15 نومبر2024ئلیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج کنونشن سینٹر جموں میں جنجاتیہ گورو دیوس کی تقریبات میں شرکت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے بذریعہ ورچیول موڈ یوٹی سطح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف مجاہد آزادی بھگوان برسا منڈا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور تحریک آزادی اور قوم کی تعمیر میں ان کے تعاون کو یاد کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ جنجاتیہ گورو دیوس قبائلی آئیکون کے احترام اور اورقبائلی کمیونٹیوں کی شاندار ثقافت اور شاندار تاریخ کومنانے کے لئے وقف ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں گزشتہ چار برسوں میں قبائلی کمیونٹیوں کی زندگی کو بدلنے کے لئے جموں و کشمیر حکومت کے اُٹھائے گئے تاریخی اَقدامات پر روشنی ڈالی۔اُنہوں نے قبائلی کمیونٹیوںکے حقوق کے تحفظ، اُن کے ثقافتی اور لسانی ورثے کو فروغ دینے اور محفوظ رکھنے اور تمام شعبوں میں یکساں مواقع فراہم کرنے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”میرا مقصد ہمیشہ قبائلیوں کے مفادات کا تحفظ کرنا اورکمیونٹی کی خواتین اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا رہاہے۔“اُنہوں نے مزیدکہا کہ پہلی بار قبائلی کمیونٹیوں کی فلاح و بہبود کو حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کے مرکز میں رکھا گیا ہے جو کئی دہائیوں سے ترقی کے مرکزی دھارے سے باہر تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ فارسٹ رائٹس ایکٹ کی عمل آوری ، پردھان منتری ون دھن وِکاس یوجنا، ون دھن سیلف ہیلپ گروپس، پردھان منتری آدی آدرش گرام یوجنا، پردھان منتری آواس یوجنا (جی) کے اہل بے زمین قبائلی استفادہ کنندگان کو پانچ مرلہ کی الاٹمنٹ ، نئے قبائلی ہوسٹل ، سمارٹ سکول، خصوصی سکالرشپ اور اِس طرح کے بہت سے اَقدامات قبائلی آبادی کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ دھرتی آبا جنجاتیہ گرام اتکرش ابھیان کی آئی اِی سی مہم جموں کشمیر میں اس سکیم کے مو¿ثر عمل آوری کو بھی یقینی بنائے گی جس سے سماجی بنیادی ڈھانچے ، صحت ، تعلیم ، معاش میں اہم خلا کو دور کرنے میں مدد ملے گی اور قبائلی علاقوں اورکمیونٹیوںکی مجموعی اوردیر پا ترقی کو یقینی بنایاجائے گا۔
اِس موقعہ پر وزیر قبائلی اَمور جاوید احمد رانا،رُکن پارلیمنٹ جگل کشور شرما،چیف سیکرٹری اَتل ڈولو،سیکرٹری محکمہ قبائلی اَمور پرسنا راما سوامی جی، سینئر اِفسران اورقبائلی کمیونٹیوں کے اَرکان اور نوجوان کنونشن سینٹر میں موجود تھے۔