کولگام 16 نومبر 2024 ئ صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم کی وزیر سکینہ مسعود نے آج یہاں منی سیکرٹریٹ میں ضلع بھر میں مختلف فلاحی اسکیموں اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری پر پیش رفت کا جائیزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں ایم ایل کولگام ایم وائی تاریگامی ، ایم ایل اے دیوسر پیر زادہ فیروز احمد ، ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل ( ڈی ڈی سی ) چئیر پرسن محمد افضل پرے ، ڈپٹی کمشنر کولگام ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ، ڈائریکٹر کالجز جے اینڈ کے اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران موجود تھے ۔ ایک جامع پریزنٹیشن میں ڈپٹی کمشنر نے کلیدی پہل جیسے جل جیون مشن ( جے جے ایم ) ، پردھان منتری آواس یوجنا ۔ گرامین ( پی ایم اے وائی ۔ جی ) ، انٹیگریٹڈ سوشل سیکورٹی سکیم ( آئی ایس ایس ) ، ریویمپڈ ڈسٹریبیوشن سیکٹر اسکیم ( آر ڈی ایس ایس ) اور آیوشمان بھارت کے بارے میں اپ ڈیٹ فراہم کیا ۔میٹنگ کے دوران افسران سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ مسعود نے تمام سطحوں پر احتساب اور شفافیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور موثر تکمیل کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں مساوی ترقی کیلئے حکومت کے عزم کو اجاگر کیا اور حکام پر زور دیا کہ وہ چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے ایک فعال نقطہ نظر اپنائیں ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت عوامی شکایات کے ازالے اور جامع پیش رفت کیلئے پر عزم ہے ۔ میٹنگ کے دوران بات چیت میں صحت کی دیکھ بھال ، تعلیم ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، اور روز گار پیدا کرنے جیسے اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ۔ میٹنگ میں ضلع کی موسم سرما کی تیاریوں ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ پلان اور ہیلتھ کئیر انفراسٹرکچر بشمول عملے کی تعداد اور ہسپتالوں میں آسامیوں کا بھی جائیزہ لیا گیا ۔ میٹنگ کے دوران ایم ایل اے کولگام ایم وائی تاریگامی نے ضلع ہسپتال میں صحت کی سہولیات کو بڑھانے اور کالجوں میں نئے تعلیمی سلسلے کو متعارف کرانے کی اہمیت پر زور دیا ۔ ایم ایل اے دیوسر پیر زادہ فیروز احمد نے صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے کی وکالت کی ۔