جموں /16جنوری2025ئچیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج یہاں ریزرو بینک آف انڈیا جموں برانچ کی طرف سے بلائی گئی یونین ٹیریٹری لیول کوآرڈی نیشن کمیٹی (یو ٹی ایل سی سی) کی 35 ویں میٹنگ کی صدارت کی۔
میٹنگ کا مقصد غیر مجاز ڈپازٹس، غیر منظم اِداروں کی دھوکہ دہی کی سرگرمیوں اور شراکت داروںکے درمیان مارکیٹ اِنٹلی جنس کے اِشتراک سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔میٹنگ میں ریجنل ڈائریکٹر آر بی آئی جموں کے علاوہ پرنسپل سیکرٹری محکمہ داخلہ ،پرنسپل سیکرٹری فائنانس ،اے ڈِی جی پی ( سی آئی ڈی)، سیکرٹری ریونیو ، سیکرٹری قانون ، ڈائریکٹرصنعت و حرفت جموں اور جوائنٹ ڈائریکٹر اِنفارمیشن جموں نے شرکت کی۔اِس کے علاوہ میٹنگ میں جی ایم، آر بی آئی سمیت جموں و کشمیر میں ریگولیٹری باڈیز کے اعلیٰ اَفسران، رجسٹرار کوآپریٹیوز، آر او سی مارکیٹ اِنٹلی جنس یونٹ، آر بی آئی اورایس اِی بی آئی اور آئی سی اے آئی کے نمائندوں نے بھی حصہ لیا۔
دوران میٹنگ چیف سیکرٹری نے یہاں کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ دہی کے واقعات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے بی یو ڈی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت ان آن لائن دھوکہ بازوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے پر زور دیا۔
اَتل ڈولونے اِس بات کا اعادہ کیا کہ جرم کا اِرتکاب بذات خود قابل قبول جرم ہے لہٰذا یہاں قانون عملانے والے اِداروں کی اوّلین ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے اِداروں کے خلاف فوری کاررِوائی کریں تاکہ لوگوں کو اُن کے جال کا شکار ہونے سے بچایا جاسکے۔اُنہوں نے ریگولیٹری باڈی کو حکم دیا کہ وہ قانون عملانے والے اِداروں کے لئے کارروائی کو آسان بنانے کے لئے قوانین کو مطلع کرے۔ اُنہوں نے آر بی آئی، ایس اِی بی آئی اور دیگرمتعلقین کو مشورہ دیا کہ وہ لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے لئے بنائے گئے مواد کو جمع کریں اور اسے سوشل میڈیا ، واٹس ایپ اور بلک میسجنگ کے ذریعے یہاں کام کرنے والے بینکوں سے لوگوں تک پہنچائیں۔