بیروہ/27فروری2025ئ نائب وزیر اعلیٰ سریندرکمار چودھری نے آج چیوڈارہ بیروہ پُل کے تعمیراتی کام کا اِفتتاح کیا جو تقریباً 14.15 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔یہ 3×37 میٹرنبارڈ کے تحت ایک پروجیکٹ ہے اور عام لوگوں اور مسافروں کے لئے سہولیت فراہم کرے گا۔ یہ پُل علاقے میں رابطے کو بڑھانے میں ایک طویل سفر طے کرے گا۔اِفتتاحی تقریب میں ممبر قانون ساز اسمبلی چاڈورہ علی محمد ڈار، رُکن قانون ساز اسمبلی بیروہ ڈاکٹر شفیع احمد وانی، ایم ایل اے خانصاحب سیف الدین بٹ، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام ، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی، متعلقہ ضلعی اَفسران اور بیروہ کے معزز شہریوں نے شرکت کی۔اِس موقعہ پر نائب وزیرا علیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں جامع اور دیرپا ترقی کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں سے ایک نئے دور کا آغاز ہو ا ہے۔