جموں/09اپریل2025ئسپیکرجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے آج ایوان کی کاررِوائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتو ی کردی۔یہ 21 روزہ سیشن 3 مارچ کو لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب کے ساتھ شروع ہوا تھااور آج 9 اپریل 2025 ءکی سہ پہر کو اِختتام پذیر ہوا۔سپیکر موصوف نے ایوان کو مطلع کیا کہ اِس سیشن کے دوران کل 1 3,55 سوالات موصول ہوئے جن میں سے 154 اہم سوالات اُٹھائے گئے جبکہ 353 ضمنی سوالات کے جوابات دئیے گئے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ ایوان کو 1,738 کٹ موشنز موصول ہوئیںجن میں سے 1,731 پر بحث کی گئی۔اُنہوںنے ایوان کو مزید بتایا کہ تین سرکاری بل موصول ہوئے جنہیں بعد میں ایوان نے منظور کئے جبکہ 33 پرائیویٹ ممبر ز کے بل بھی ایجنڈے میں شامل کئے گئے۔سپیکر نے ایوان کو بتایا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ کو 78 توجہ دِلاﺅ تحریکیں موصول ہوئیں جن میں سے 23 کو ایجنڈے میں شامل کیا گیاجبکہ 34 کو مسترد کیا گیا۔اُنہوںنے کہا کہ اِس سیشن کے دوران کُل 109 قراردادیں موصول ہوئیںجن میں سے 85 کو منظور کیا گیاجبکہ 14 کو بزنس کے لئے لسٹ کیا گیا ۔سپیکر موصوف نے مزید کہا کہ بجٹ سیشن کے دوران 39 گھنٹوں سے زائد وقت صرف ہوا۔سپیکر قانون ساز اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے اسمبلی کی کارروائی کو خوش اَسلوبی سے چلانے میں تعاون پر تمام اسمبلی ممبران کا شکریہ اَدا کیا۔ اُنہوں نے محکمہ اطلاعات، اسمبلی سیکرٹریٹ، محکمہ صحت، ریڈیو، دُوردرشن، جموںوکشمیر پولیس، میڈیا اور دیگر شراکت داروں کا بھی شکریہ اَدا کیا جنہوں نے بجٹ سیشن کے دوران تعاون فراہم کیا۔