وِجے پور( سانبہ)/17اپریل2025ئ وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج آل اِنڈیا اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اے آئی آئی ایم ایس) جموں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات و خدمات سے لوگوںکو آگاہ کرنے کے لئے مو¿ثر مہم چلانے اور عوامی رسائی کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ وزیر موصوفہ نے اِن باتوں کا اِظہار آج ایمز جموں کے کام کاج کی جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر سانبہ راجیش شرما،ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اور سی اِی او ایمز جموں ڈاکٹر شکتی کمار گپتا، ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن نیو جی ایم سی ڈاکٹر مشتاق احمد؛ مختلف شعبہ جات کے سربراہان، پروفیسرز، ڈاکٹروں اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر صحت نے ایمز جموں کی موجودہ آپریشنل صورتحال کا جائزہ لیا اور جاری مختلف منصوبہ جات کی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنہوں نے اِدارے میں دستیاب سہولیات کے بارے میں عوامی بیداری بڑھانے کے لئے مختلف حکمتِ عملیاں زیر غور لائیں۔