سری نگر/09جون2025ئ ڈائریکٹر جنرل بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) لیفٹیننٹ جنرل رگھو سری نواسن نے آج چیف سیکرٹری اتل ڈولو سے ملاقات کی تاکہ یونین ٹیریٹری میں بالخصوص سرحدی علاقوں میں جاری مختلف سٹریٹجک سڑک بنیادی ڈھانچے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔ دورانِ ملاقات دونوں اَفسران نے جموں و کشمیر کے دُور دراز اور حساس سرحدی علاقوں میں تعمیر کئے جا رہے سٹریٹجک سڑک منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ یہ اہم منصوبے سال بھر ان دُور دراز علاقوں کی رابطہ سہولیت برقرار رکھنے، عام شہریوں کی آمد و رفت بہتر بنانے اور سیکورٹی فورسز کی آپریشنل تیاری کو آسان بنانے کے لئے نہایت ضروری ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل سری نواسن نے چیف سیکرٹری کو زمینی سطح پر بی آر او کو درپیش کچھ چیلنجوں سے بھی آگاہ کیا بالخصوص زمین کے حصول اور جنگلاتی کلیئرنس سے متعلق مسائل جن کی وجہ سے کئی مقامات پر کام کی رفتار متاثر ہوئی ہے۔چیف سیکرٹری نے مکمل یقین دہانی کی کہ جموں و کشمیر کی اِنتظامیہ ان مسائل کے فوری حل کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ کلیئرنس کے عمل کو آسان بنایا جائے اور بی آر او حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر تمام رُکاوٹیں دور کی جائیں۔