سری نگر/30جنوری2025ئ لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے آج بابائے قوم مہاتما گاندھی کو اُن کی پونیہ تیتھی پر خراج ِعقیدت پیش کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،”سچ اور عدم تشدد کے اَصول اور اَقدار جن سے گاندھی جی ہمیشہ وابستہ رہے ہیں وہ زمان و مکان سے بالاتر ہیں۔ وہ آج بھی اتنے ہی اہم ہیں جتنے اُن کی زندگی میں تھے۔ اُنہوں نے اِختلافات کے پُرامن حل اور ہر ہندوستانی کی فلاح و بہبود کے لئے ہماری رہنمائی کی ہے۔“اُنہوں نے گاندھی گلوبل فیملی کے زیر اہتمام شانتی دوت سمیلن میں شرکت کرتے ہوئے فوج کے جوانوں کے اہل خانہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اُن تمام لیڈروں ، بہادروں اور شہیدوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ہندوستان کی آزاد ی کے لئے خود کو وقف کیا۔منوج سِنہا نے کہا،”آج ہم جس دُنیا میں رہ رہے ہیں وہ تنازعات کا شکار ہے۔ دُنیا کے بہت سے حصوں میں جاری جارحیت کی وجہ سے معاشروں کو خلل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں اَمن اور عدم تشدد کی ضرورت شدت سے محسوس کی جاتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اِس صورتحال میں باپو کے نظریات اِنسانیت کو صحیح راستہ دکھائیں گے۔“
اُنہوںنے سماج کے ہر طبقے پر زور دیا کہ وہ خود کومہاتما گاندھی کے نظریات اور اَقدار کے لئے وقف کریں اور غریبوں ، نوجوانوں ، خواتین اور کسانوں کو بااِختیار بنانے کے مقصد کے لئے متحد ہوں اور وِکست بھارت کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا گرانقدر تعاون کریں۔