سرینگر:۳۲،اگست : : جموں وکشمیرکی آفات سے متعلق انتظامی اتھارٹی نے ہفتہ کے روز’12اضلاع کیلئے موسمیاتی الرٹ جاری ‘کیا،جس میںخبردارکیاگیا ہے کہ جنوبی کشمیرکے 2 اورجموں خطے کے سبھی10اضلاع میں 23سے26اگست تک موسلا دار اورشدید بارشیںمتوقع ہیں۔اس دوران موسمیاتی مرکز سری نگر نے ہفتہ کوایک موسمیاتی ایڈوائزری جاری کی ،جس میں2 سے 26 اگست تک ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کےساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔جے کے این ایس کے مطابق جموں وکشمیرکی آفات سماوی سے متعلق انتظامی اتھارٹی(اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی ) نے ہفتہ23اگست کو دن کے12بجکر3منٹ پرتازہ موسمیاتی الرٹ جاری کیاگیا،جس میں کہاگیاکہ اگلے 48 گھنٹوں میں اننت ناگ، کولگام، ڈوڈہ، جموں، کٹھوعہ، کشتوار، پونچھ، راجوری، رام بن، ریاسی، سانبہ اور ادھم پور میں کئی مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (SDMA)نے ساتھ ہی خبردارکیاکہ اس دوران جموں ڈویڑن میں بادل پھٹنے کے واقعات،سیلابی ریلوںاور مٹی کے تودے گرآنے نیز زمین کھسک جانے کا امکان ہے ۔اسلئے کمزور علاقوں میں رہنے والے لوگ الرٹ رہیں،اور ایمرجنسی یا ہنگامی صورتحال کےلئے112 ڈائل کریں۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کہاکہ اس الرٹ کا دورانیہ یا میعاد کا وقت 25 اگست دوپہر2بجے تک ہے۔اس دوران موسمیاتی مرکزسری نگر نے ہفتہ کو جموں و کشمیر کےلئے موسمیاتی ایڈوائزری جاری کی، جس میں23 سے26 اگست تک ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کےساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔موسمیاتی مرکزسری نگرنے ایڈوائزری میں کہا کہ جموں، ریاسی، ادھم پور، سانبہ، کٹھوعہ، راجوری، پونچھ، رام بن، ڈوڈا اور کشتواڑ کےساتھ ساتھ کشمیر ڈویڑن کے جنوبی حصوں سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔ایڈوائزری میں اس مدت کے دوران جموں ا و رکشمیر دونوں ڈویڑنوں میں شدید یا تیز بارش کے امکان سے خبردار کیا گیا ہے۔ایڈوائزری میں لکھا گیا ہے کہ کمزور علاقوں میں بادل پھٹنے، سیلابی ریلوں، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور پتھرگرآنے کا بھی خطرہ ہے۔عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ آبی ذخائر، ندی نالوں اور ڈھیلے ڈھانچے سے دور رہیں اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ موسمیاتی مرکزسری نگر نے مزید کہاکہ 3روزتک موسمی صورتحال ابتررہنے کے بعد 27 سے 31 اگست تک موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے،تاہم چند مقامات پر بارش اور گرج چمک کےساتھ ہلکی بارش ہو گی۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ایک سے5 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ گرم اور مرطوب موسم کی اسی طرح کی پیش گوئی کی گئی ہے۔







