سید اعجاز
پانپور/تعلیمی نظام کو بہتر بنانے جدید خطوط پر استوار کرنے کی غرض سے نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر وممبر اسمبلی پانپور ( ایم ایل اے)، جسٹس حسنین مسعودی نے سنیچر کے روز کاکاپورہ زون کے گورنمنٹ ہائی اسکول پاہو میں ایک اسمارٹ کلاس روم کا افتتاح کیا۔اس موقعے پر ممبر اسمبلی نے بتایا حلقہ انتخاب میں کل50سمارٹ کلاس قائم کئے جائیں گے جن میں پاہو ہائی سکول حلقے کا دوسرا سکول ہے جہاں باضابط طور سہولہت کو شروع کیا گیا ۔اس سے قبل ہائی اسکول کاکاپورہ میں یہ سہولت فراہم کی گئی تھی۔اسکول کے عملے، طلباء، محکمہ اسکول ایجوکیشن کے حکام، مقامی اوقاف کمیٹی اور مقامی لوگوں نے پامپور کے موجودہ ایم ایل اے اور جنوبی کشمیر کے سابق رکن پارلیمنٹ، حسنین مسعودی کا پرتپاک استقبال کیا اور پورے حلقے میں جاری ان کی ترقیاتی کوششوں کو سراہا۔تقریب کے دوران، جسٹس مسعودی نے بورڈ کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباءمیں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے 500 میں سے 499 نمبر حاصل کرنے والے ایک طالب علم کے لیے 10ہزار روپے کے خصوصی نقد انعام کا اعلان کیا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں اور ‘سی ڈی اایف کے استعمال میں تعلیم اور صحت کی سہولیات ان کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے انضمام سے تدریسی عمل مزید انٹرایکٹو (باہمی رابطے پر مبنی) بنے گا اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباءکو ٹیکنالوجی پر مبنی دنیا کے لیے تیار کرنے کی خاطر ان نئے آلات کا استعمال کریں۔ انہوں نے اسکول کی سہولیات کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور رمقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ تمام ضروری بنیادی ڈھانچے کے کام ان کی جانب سے انجام دیے جائیں گے۔






