نئی دہلی// 1002 خواتین امیدواروں نے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی (این ڈی اے) کے دروازے خواتین کے لیے کھولے جانے کے بعد منعقد ہونے والے پہلے امتحان میں کامیابی حاصل کی ہے۔وزیر دفاع کے دفتر نے جمعہ کو ٹویٹ کیا، ’این ڈی اے کا امتحان پاس کرنے والے 8000 امیدواروں میں پہلی بار 1002 خواتین امیدوار بھی شامل ہیں‘۔قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد حکومت نے خواتین امیدواروں کے لیے این ڈی اے کے دروازے کھول دیے تھے اور اس کے بعد منعقدہ امتحان میں 1000 سے زائد خواتین امیدوار پاس ہوئی ہیں۔ان خواتین امیدواروں کو اب مزید انتخابی عمل کے حصے کے طور پر سروس سلیکشن بورڈ (ایس ایس بی) کے معیارات اور میڈیکل فٹنس کو پورا کرنا ہوگا۔ امتحان پاس کرنے والی 1002 خواتین امیدواروں میں سے صرف 19 کا انتخاب نیشنل ڈیفنس اکیڈمی میں تربیت کے لیے کیا جائے گا۔پورے انتخابی عمل کی بنیاد پر اگلے کورس کے لیے 400 امیدواروں کا انتخاب کیا جانا ہے جن میں خواتین کے لیے 19 نشستیں مختص ہیں۔ ان میں سے 10 آرمی میں، چھ ایئر فورس میں اور تین کو نیوی میں کمیشن ملے گا۔یہ پہلا موقع ہوگا جب خواتین کیڈٹس این ڈی اے کورس میں مردوں کے ساتھ ٹریننگ لیں گی۔ اس کے لیے پونے کی نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، کھڑکواسلا میں تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔