سرینگر:12 فروری
سری نگرپولیس نے جمعہ کو شہر کے مومن آبادبتہ مالوعلاقہ میں دن دہاڑے ایک گھر میں گھس کر2لڑکیوں پر حملہ کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیاجبکہ اس کاایک ساتھی جائے وردات سے فرارہونے میں کامیاب ہوگیاتاہم پولیس نے بعدازاں اس کوبھی گرفتارکرلیا۔جے کے این ایس کے مطابق شہر سری نگر کے گنجان آبادی والے وسیع علاقہ بتہ مالو کی مومن آباد کالونی میں جمعہ کے روزاسوقت تشویش کی لہردوڑ گئی ،جب ممکنہ طورپرایک سے زیادہ افرادنے ایک گھرمیںمبینہ طور پر2لڑکیوں او رایک خاتون پر حملہ کرکے اُن کوزخمی کردیا۔اس حملے میں زخمی ہوئی ایک دوشیزہ نے بتایاکہ حملہ آوروںنے اُس پرچاقو سے وار کئے ۔لڑکیوں کی ماں نے الزام لگایا کہ حملہ آوروںکی تعداد ایک سے زیادہ ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ آئے اور میری2بیٹیوں اور میری بہن پر حملہ کیا جب کہ میں اور میرے شوہر نماز جمعہ کے لیے گئے تھے۔خاتون نے حال ہی میں انہی مردوں کے ذریعہ ان کے گھر میں چوری کا بھی الزام لگایا تھا ۔بتایاجاتاہے کہ ایک نوجوان اپنے ساتھی کے ساتھ مومن آباد بتہ مالومیں نقدی لوٹنے کی کوشش میں ایک گھر میں گھس گیا۔دونوں نے 2 لڑکیوں کو رسی سے باندھ دیا۔پولیس نے ایک کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیاتاہم پولیس نے بعدازاں اس کوبھی گرفتارکرلیا۔ایک پولیس ترجمان نے کہاکہ عمر یوسف وانی نامی ملزم جس نے ایک گھر میں گھس کرمومن آباد بٹہ مالو میں 2لڑکیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، کو پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے جبکہ بعدازاں اُس کے مفرورساتھی حابل یاسین ولدمحمدیاسین ساکنہ ڈل کالونی بمنہ سری نگرکوبھی گرفتار کیاگیا۔ یس ایس پی سری نگر نے کہا کہ قانون کی مضبوط دفعات کے تحت ایک باضابطہ مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں خواتین کی عزت کو مجروح کرنا، حملہ کرنا اور توہین کرنا شامل ہے۔انہوںنے مزیدکہاکہ ہم معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اگر اس نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر یہ سب کیا ہے تو اسے بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔