جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں کے کیگام علاقے میں جمعرات کی شام کو سی آر پی ایف گاڑی پر گرنیڈ داغا گیا جو نشانہ چوک جانے کے نتیجے میں شاہراہ پر زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔سی آر پی ایف ذرائع نے بتایا کہ کیگام شوپیاں میں معمول کی پیٹرولنگ کے دوران مشتبہ جنگجووں نے سی آر پی ایف گاڑی پر گرنیڈ پھینکا۔انہوں نے بتایا کہ گرنیڈ کے اس حملے میں کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ اْن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی ہے۔ ادھرشمالی ضلع بارہ مولہ کے زنڈہ پھرن شیری علاقے میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے ایک کمین گاہ سے بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ 46 آر آر، 2 بٹالین ایس ایس بی، 53 بٹالین سی آر پی ایف اور بارہ مولہ پولیس نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جمعرات کے روز زنڈہ پھرن شیری علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران جونہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار نالہ کے نزدیک پہنچے تو وہاں ایک کمین گاہ کا سراغ ملا چنانچہ فورسز اہلکاروں نے کمین گاہ سے 11ہینڈ گرنیڈ11یو بی جی ایل گرنیڈ اور ایک خام دستی بم برآمد کرکے ضبط کئے۔پولیس نے اس ضمن میں آرمز ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔