گورو نانک دیو جی کا 553 واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا
سب سے بڑی تقریب چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ،ترال ،با رہمولہ اور اننت ناگ میں بھی تقریبات
وادی کشمیر میں سکھ مذہب کے بانی گورو نانک دیو جی کا 553واں جنم دن مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلے میں صبح سویرے سے ہی گروارون میں لوگوں کا تانتا بندھا رہا ہے ۔اس دوران سب سے بڑی تقریب چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی ہے جبکہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ،اوڑی،کپوارہ،ترال،پلوامہ ،اونتی پورہ ،سیموہ،اننت ناگ وغیر ہ کے گردواروں میں لوگوں کی بڑی تعداد کو دیکھا گیا ہے۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق دن کے حوالے سے سری نگر میں سب سے بڑی تقریب سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی ۔سکھ عقیدتمندوں کی بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، نے منگل کی صبح سے ہی اس گردوارے پر حاضری دینا شروع کیا۔ اس موقع پر سکھ عقیدتمندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔۔ خصوصی تقریبات کا انعقاد چھتر گام ترال،سیموہ ،کنگہ لورہ ،دھرم گنڈ،گڈ پورہ ،میں بھی منعقد ہوئی ہے اس دوران یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈراوتار سنگھ ترالی نے تین گاﺅں میں قائم گرواروں کا دورہ کر کے یہاں لوگوں کو مبار باد پیش کی ہے ۔ انہوں نے علاقے کے سب سے بڑے سکھ آبادی والے علاقے چھتر گام اور گڈپورہ کے علاوہ مونگہامہ گوردوارہ میں ماتھا ٹیکہ اور ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔اس موقع پر راگی جتھوں نے بھجن کرتن کر کے عقیدتمندوں کو محظوظ کیا۔ اس موقع پر مقررین نے گورونانک دیو کی زندگی اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گورو نانک دیو جی ایک عظیم سنت تھے اور ان کی تعلیمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہوگی۔انہوں نے ملک میں آپسی بھائی چارے اور باہمی روا داری کے رشتوں کو مضبوط کرنے کے لئے گورو نانک دیو جی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی۔ اس موقع پر خصوصی لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔