بارہمولہ:۹۲، دسمبر: شمالی قصبہ بارہمولہ سے 14کلومیٹر فاصلے پرواقع پہاڑی بستی حاجی بل میں اُسوقت خوشی کی لہردوڑ گئی ،جب یہاں کے ایک نوجوان نے قومی سطح کے اعلیٰ ترین سیول سروسزکے امتحان میں کامیابی حاصل کی ۔جے کے این ایس کے مطابق 26سالہ سیدعادل بخاری نے اپنی ابتدائی تعلیم حاجی بل بارہمولہ میں واقع اسکولوں سے ہی حاصل کی جسکے بعدانہوںنے ہائراسکنڈری اسکول بارہمولہ سے 12ویں جماعت کاامتحان پاس کیا ۔ ڈگری کالج بارہمولہ سے گریجویشن مکمل کرنے کے بعدسیدعادل بخاری نے Statistics مضمون میں ماسٹرس ڈگری مکمل کی اورساتھ ہی انہوںنے جے آرایف نیٹ بھی کوالیفائی کیا ۔یونین پبلک سروس کمیشن کی جانب سے سال 2022میں ملک کے اعلیٰ ترین سیول سروسزکے امتحانات منعقد ہوئے ،جن میں حاجی بل بارہمولہ کے ہونہار نوجوان سیدعادل بخاری نے بھی حصہ لیا ۔حال ہی میں یونین پبلک سروس کمیشن کی جانب سے اعلیٰ ترین سیول سروسزامتحانات کے نتائج کااعلان کیاگیا ۔سیدعادل بخاری، انڈین اسٹیس ٹیکل سروس(ISR)کے تحت منتخب ہوئے ،ملک میں ، انڈین اسٹیس ٹیکل سروس(ISR)کیلئے کل29نشستیں مخصوص رکھی گئی تھیں ،اور سیدعادل بخاری آف حاجی بل بارہمولہ جموں وکشمیر کے واحد اُمیدوار ہیں ،جوبطور آئی ایس آر منتخب ہوئے ہیں ۔اس ہونہار نوجوان نے بتایاکہ ابتدائی تعلیم اپنے آبائی پہاڑی علاقہ سے حاصل کرنے کے بعداسکنڈری اورکالج کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے بارہمولہ جانا پڑتاتھا۔انہوںنے کہاکہ ہمارا علاقہ چونکہ پہاڑی ہے ،اسلئے بعض اوقات نہیں بلکہ بہت مرتبہ مجھے پیدل یہاں سے کالج جانا پڑتا تھا،اوروہاں سے پیدل ہی واپس گھرآنا پڑتاتھا۔سیدعادل بخاری نے کہاکہ فی الوقت وہ ضلع کپوارہ کے قاضی آباد علاقہ میں بطور اکاﺅنٹس اسسٹنٹ کے سرکاری محکمے میں فرائض انجا م دے رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ آئی ایس آر منتخب ہونے کے بعداب کوئی اور بڑی ذمہ داری دی جائے گی ۔جسکے لئے میں تیارہوں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسے پہلے پہاڑی علاقہ حاجی بل بارہمولہ کے 2نوجوان سیدشاہنواز بخاری اور سیدسجادبخاری JKASکاامتحان پاس کرچکے ہیں ،اوریہ دونوں نوجوان اس وقت جموں وکشمیر کی سیول وپولیس انتظامیہ میں اعلیٰ عہدوں پر تعینات ہیں ۔