ٹنگمرگ:۹۲، دسمبر:جے کے این ایس : شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کنزرٹنگمرگ علاقہ میں جمعرات کی صبح آگ کی ایک ہولناک واردات میں ایک شاپنگ کمپلیکس کی اوپری منزل شعلوںکی نذرہوگئی ،جسکے نتیجے میں کم ازکم 3دُکانات اورایک کمپیوٹر سینٹرخاکستر ہوگیا،اوران میں موجود ساراسامان راکھ کے ڈھیروںمیں تبدیل ہوگیا۔آگ بجھانے کی کارروائی کے دوران ایک فائرسروسزاہلکار زخمی ہوگیا۔جے کے این ایس کوملی تفصیلات کے مطابق سری نگر ،گلمرگ شاہراہ پرواقع کنزرٹنگمرگ قصبہ میں جمعرات کی صبح ایک کاروباری عمارت کی اوپری منزل میں آگ نمودار ہوئی ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ قبل اسکے کہ آگ پرقابو پانے کی کارروائی شروع کی جاتی،شعلوںنے تیزی کیساتھ شاپنگ کمپلیکس میں قائم تین دکانات اورایک نجی کمپیوٹر انسٹی چیوٹ کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔انہوںنے کہاکہ پولیس کی ایک ٹیم اور فائراینڈ ایمرجنسی سروسزکے اہلکار گاڑیاں لیکر یہاں پہنچے اور شاپنگ کمپلیکس میں لگی آگ پرقابو پانے کی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ فائر سروسز اہلکاروں نے آگ بجھانے کی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے آگ کوشاپنگ کمپلیکس کی نچلی منزل تک پہنچنے سے روکا،تاہم اس دوران فائرسروسزمحکمہ کاایک اہلکار خورشیداحمدبٹ زخمی ہوگیاجس کوعلاج ومعالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیاگیا۔انہوںنے کہاکہ کنزر ٹنگمرگ میں رونما ہوئی آگ کی اس واردات میں تین دکانات اورایک نجی کمپیوٹر انسٹی چیوٹ کونقصان پہنچا۔دریں اثناءپولیس نے شاپنگ کمپلیکس میں آگ کی واردات رونما ہونے کے سلسلے میں معاملہ درج کرکے اسکی وجوہات معلوم کرنے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔