سری نگر:۷۱، فروریدن اور رات کے درجہ حرارت میں بتدریج بہتری آنے کے بیچ محکمہ موسمیات نے8روز موسمیاتی ایڈوائزری جاری کی ،جسکے مطابق 19اور20فروری کوکشمیر وادی میں الگ تھلگ اونچے مقامات پر ہلکی بارش وبرف باری کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلودرہے گا۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی جمعہ کی صبح جاری تازہ ایڈوائزری کے مطابق20فروری کومیدانی علاقوں میں ہلکی بارش اور 20 تاریخ کے آخر میں دوپہر سے21فروری کی صبح تک اونچے علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش وبرفباری ہونے کاامکان ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید بتایاکہ 21سے24فروری تک کبھی کبھار ابر آلود اور بنیادی طور پر خشک موسم رہے گا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوںمیں رہنے والے لوگوں سے کہاکہ وہ الرٹ رہیں اور برفانی تودے کے شکار علاقوں سے دور رہیں۔دریں اثناءپہلگام کو چھوڑ کر وادی کشمیر کے تمام مقامات پر پارہ میں اضافے کا رجحان جاری رہا، جمعہ کو بیشتر علاقوں میں شبانہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے سطح سے اوپر ریکارڈ کیاگیا۔محکمہ موسمیات کے ایک اہلکار نے بتایا کہ سری نگر میں گزشتہ رات کے2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ،قاضی گنڈ،میں گزشتہ رات پارہ1.8 ڈگری سینٹی گریڈ،پہلگام میں گزشتہ رات منفی0.9 ڈگری سینٹی گریڈ ، کوکرناگ میں گزشتہ رات 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ، گلمرگ میں گزشتہ رات 0.2ڈگری سینٹی گریڈ اور کپواڑہ قصبے میں پارہ 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔اس دوران جمعہ کے روز سری نگر سمیت کشمیر کے بیشتر علاقوں میں دن بھر دھوپ چھاﺅ ں کاکھیل جاری رہنے کے باعث دن کے درجہ حرارت میں قابل قدر اضافہ دیکھاگیا۔