سری نگر:۷۲، فروری:لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو کہا کہ مرکزی حکومت کی مختلف اسکیموں کے نفاذ سے جموں و کشمیر جلد ہی24 گھنٹے بجلی کو یقینی بنانے کے اپنے ہدف کو حاصل کر لے گا۔جے کے این ایس کے مطابق ایس کے آئی سی سی میں ایک تقریب کے موقعہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ گزشتہ 3 سالوں میں بجلی کی پیداوار، تقسیم اور ترسیل کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے گزشتہ 70 سالوں کے مقابلے میں3 سالوں میں تقسیم اور پیداوار کی صلاحیت میں56 فیصد اضافہ کیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج نے مزید کہا کہ کشمیر میں 152 کروڑ روپے کے منصوبے سے بجلی کی تقسیم کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ فی الحال، جموں و کشمیر میں تقسیم کے گرڈ کو مضبوط کرنے کےلئے5000 کروڑ روپے مالیت کی مرکزی حکومت کی اسکیمیں موجود ہیں،اورNTPC،REC،اوردیگرمتعلقین کے تعاون سے سمارٹ میٹروں کی تنصیب کویقینی بناکرجموں وکشمیرجلد ہی صارفین کو رات دن یعنی چوبیسوں گھنٹے بجلی فراہم کرنے کا اپنا ہدف حاصل کر لے گا۔