سری نگر:۴۱،مارچ:جے کے این ایس : مرکز ی حکومت نے منگل کو کہا کہ جموں و کشمیر میں رواں مالی سال کے دوران 1547.87 کروڑ روپے کی ریکارڈ سرمایہ کاری ہوئی،جوکسی بھی پچھلے مالی سال کے مقابلے میں اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔جے کے ین یس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے منگل کو لوک سبھا کو بتایا کہ جموں و کشمیر حکومت کی طرف سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق گزشتہ 5 سالوں اور رواں سال کے دوران سرمایہ کاری 2017-18 میں 840.55 کروڑ، سال2018-19میں 590.97 کروڑ ،سال2019-20میں 296.64 کروڑ ، 2020-21میں 412.74 کروڑ ،سال2021-22میں376.76کروڑ اور جنوری 2022سے جنوری2023تک 1547.87 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی ۔مرکزی وزیر نے کہا کہ سال2022-23 کے دوران، جنوری 2023 تک جموں وکشمیرکو 1547.87 کروڑ رروپے کی ریکارڈ سرمایہ کاری موصول ہوئی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی سال کے دوران ہوئی سرمایہ کاری پچھلے کئی مالی سالوں کے مقابلے میں اب تک کی سب سے زیادہ ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے یہ بھی کہا کہ حکومت کو توقع ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں مختلف اہم شعبوں جیسے مینوفیکچرنگ، سروس سیکٹر، ہیلتھ کیئر اور فارماسیوٹیکلز، ایگرو بیسڈ انڈسٹری، سیاحت (بشمول فلم اور میڈیکل ٹورازم) وغیرہ میں سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں، جموں و کشمیر کی حکومت کو پہلے ہی64,058 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہو چکی ہیں۔ مرکز نے 19فروری2021 کو مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کی صنعتی ترقی کے لئے نئی مرکزی سیکٹر اسکیم کو مطلع کیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت کی طرف سے متعدد پالیسی اقدامات اٹھائے گئے ہیں، جن میں جموں و کشمیر انڈسٹریل پالیسی2021-30، جے اینڈ کے انڈسٹریل لینڈ الاٹمنٹ پالیسی 2021-30، جموں و کشمیر پرائیویٹ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ پالیسی2021-30، جموں و کشمیر وول پروسیسنگ اور ہنڈی کرافٹ پراسیسنگہینڈلوم پالیسی 2020 شامل ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہاکہ اس کے علاوہ، کاروبار کرنے میں آسانی، اقتصادی پیکیج، جموں اور سری نگر سے رات کی پروازوں کے آپریشن وغیرہ کے ذریعے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کئی دیگر اقدامات کیے گئے ہیں۔