سری نگر:۲۱،اپریل :21یا22اپریل 2023کوعیدالفطر کی تقریب سعیدمنائے جانے کے بیچ محکمہ موسمیات نے 25اپریل تک کیلئے تازہ موسمیاتی ایڈوئزری جاری کردی ،جسکے مطابق 20اور21اپریل کوکچھ مقامات پروقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ بارشوں کاامکان ظاہرکیاگیا ہے ،تاہم محکمہ موسمیات نے22سے25اپریل تک موسم بنیادی طور پرخشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے ۔اس دوران شبانہ درجہ حرارت بہتر رہنے کے بیچ بدھ کو بھی پورے جموں وکشمیر میں موسم خشک رہا۔جے کے این ایس کے مطابق گزشتہ برس یعنی سال2022میں عید الفظر کے روز اہلیان کشمیر نماز عید عیدگاہوںمیں ادانہیں کرسکے تھے ،کیونکہ عید کی صبح اچانک تیز بارشوں کاسلسلہ شروع ہوگیاتھا،اورپھر نماز عید کے اجتماعات مقامی مساجد میں اداہونے کے کچھ وقت بعد موسمی صورتحال بہتر ہوئی تھی ،یوں اہلیان کشمیر کویہ ملال رہاکہ وہ عیدگاہوںمیں منعقد ہونے والے نماز عید کے رُوح پرور اجتماعات میں شرکت سے محروم رہے ۔اب امسال اہلیان وادی کی خواہش ہے کہ نماز عیدالفطر کے اجتماعات عیدگاہوںمیں منعقد ہوں ،تاہم اس خواہش کے پورے ہونے کادارومدار موسمی صورتحال پر ہوگا۔رواں ماہ ابھی تک موسمی صورتحال مجموعی طور پر بہتر رہی ہے ،اسلئے امکان ظاہر کیا جارہاہے کہ سال2022کے برعکس امسال نماز عید کے اجتماعات عیدگاہوںمیں ہی منعقد ہونگے ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے رواں ماہ کی25تاریخ تک کیلئے تازہ موسمیاتی کلینڈر بدھ کی صبح جاری کیا۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ 15اپریل تک جموں وکشمیر بشمول وادی میں موسم بنیادی طور پرخشک رہے گا۔تاہم محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ16اور17اپریل کو مطلع ابرآلود رہنے کے بیچ جموں وکشمیرمیں کچھ مخصوص مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ ہلکی بار ش ہوسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق جموں وکشمیر میں 18اور19اپریل کوکشمیر اور جموں ڈویژنوںکے میدانی علاقوںمیں کہیں کہیں وقفے وقفے سے ہلکی اور درمیانی بارش متوقع ہے جبکہ کچھ بالائی مقامات پر ہلکی برف باری ہونے کاامکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر بشمول کشمیروادی میں 20اور21اپریل کوکچھ مقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ ہلکی بارش ہونے کاامکان ہے ،تاہم پھر22سے25اپریل تک پورے جموں وکشمیر میں موسم بنیادی طور پرخشک رہے گا۔محکمہ موسمیات نے کسانوں ،زمینداروں اور ماکان باغات کومشورہ دیاہے کہ وہ اپنے باغات میں15اپریل تک کیڑے مار ادویات کا چھڑکاﺅ کریں ۔محکمہ موسمیات نے تازہ ایڈوائزری میں ساتھ ہی کہاکہ 15اپریل تک دن کے درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ ہوگا تاہم اسکے بعد دن کے درجہ حرارت میں 2سے4ڈگری تک کمی واقعہ ہوگی ۔