سری نگر:۵، مئی: جموں و کشمیر وقف بورڈکی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی، نے جمعہ کویہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔جے کے این ایس کے مطابق وقف بورڈکی خاتون سربراہ ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہاکے ساتھ وقف بورڈ کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی کاموں اورخاص طور پر تعلیم کے شعبے میں اصلاحی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوںنے لیفٹنٹ گور نرکوبتایاکہ وقف بورڈ محکمہ سیاحت اور دیگر محکموں کے مربوط منصوبوں کے ذریعے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کےلئے بھی کوشاں ہے۔درخشاں اندرابی نے لیفٹیننٹ گورنر کو عوامی اہمیت کے مختلف مسائل سے بھی آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے درخشاں اندرابی کو وقف بورڈ کی مستقبل کی کوششوں میں سرکاری محکموں کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔اس دوران آل مائنارٹی ایمپلائز ایسوسی ایشن کشمیر کے ایک وفد نے بھی جمعہ کویہاں راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔مذکورہ ایسوسی ایشن کے صدر سنجے کول کی سربراہی میں وفد نے PMDP اور دیگر روزگار اسکیموں کے تحت اقلیتی برادری کے ملازمین کے مختلف مسائل کو پیش کیا، جو کشمیر ڈویڑن میں کام کر رہے ہیں۔وفد کے ارکان نے اقلیتی برادری کے ملازمین کے بہت سے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کےلئے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کو بات چیت کے دوران پیش کیے گئے حقیقی مسائل اور مطالبات کے مناسب ازالے کا یقین دلایا۔