پلوامہ/ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے آج یہاں ضلع کے میڈیا اَفراد کے ساتھ ایک اِستفساری میٹنگ منعقد کی۔ابتداً، ضلع میں مقیم پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نمائندوں نے عوامی اہمیت کے مسائل اُٹھائے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ میڈیا عوام کو شفاف اور جواب دہ طرزِ حکمرانی کی فراہمی کے لئے جمہوریت کا اہم ستون ہے۔ اُنہوں نے میڈیا اَفراد پر زور دیا کہ وہ قوم کی تعمیر اور مثبت تبدیلی کو مزید متحرک اور بھرپور طریقے سے لانے میں اہم کردار اَدا کریں۔ڈاکٹر بشارت قیوم نے کہا کہ ضلعی اِنتظامیہ ان تمام شراکت داروں کے ساتھ ہم آہنگی کے لئے ہمیشہ دستیاب اور قابل رَسائی ہے جو مثبت ، اَمن اور لوگوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے میں بالواسطہ یا بلا واسطہ مصروف عمل ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میڈیا عام اور حکومت کے درمیان جوڑنے والا ربط ہے اور یہ میڈیا برادری کا استحقاق ہے کہ وہ مثبت پھیلانے اور نیک نیتی پیدا کرنے میں ذمہ داری کا اِشتراک کرے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کا حکومتی فلاحی سکیموں اور فلیگ شپ پروگراموں کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ہے۔