بشارت رشید
اونتی پورہ: اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ میں ڈاکٹروں اور نرسوں کے لیے تین روزہ اسٹیٹ لیول مینجمنٹ ڈیولپمنٹ پروگرام جمعہ کے روز اختتام پذیر ہوا، جس دوران یونیورسٹی کی جانب سے نرسوں کا عالمی دن بھی منایا گیا۔
اس موقعے پر، محکمہ صحت اور طبی تعلیم کے سیکریٹری، بھوپندر کمار مہمان خصوصی کے بطور موجود تھے، جبکہ بشارت قیوم (ڈپٹی کمشنر پلوامہ) اور ڈاکٹر یشپال شرما (ڈائریکٹر، کورڈ) نیو میڈیکل کالجز، جے اینڈ کے، مہمان زی وقار کے بطور موجود تھے۔
پروگرام میں نرسوں کے عالمی دن کے سلسلے میں میڈیکل/نرسنگ کالجوں کے شرکاء، فیکلٹی اور یونیورسٹی کے نرسنگ کالجوں کے طلباء نے شرکت کی۔
اس دوران بھوپندر کمار نے اسلامک یونیورسٹی کے نرسنگ کالجوں کے پلیسمنٹ ریکارڈ کی تعریف کی، جبکہ انہوں نے کووڈ-19 وبائی امراض جیسے ہنگامی حالات کے دوران صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد خصوصاً نرسوں کے کردار کو بھی سراہا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بشارت قیوم نے بھی معاشرے کو صحت کی بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے نرسوں کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے نرسنگ کے پیشے کو چیلنجز سے بھرپور قرار دیتے ہوئے کہا کہ نرسوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن قابل تحسین ہے۔