سری نگر29،مئی : ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) نے وادی چناب میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ، زمین دھنسنے اور مٹی کے کٹاو ¿ میں اضافہ ہورہا ہے۔ایک بیان میں ڈی پی اے پی کے ترجمان نے ایل جی منوج سنہا پر زور دیا کہ وہ اس سنگین ماحولیاتی مسئلے کا نوٹس لیں جو جنگل اسمگلروں کے ذریعہ خطہ چناب میں بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی کی وجہ سے ہوا ہے۔ترجمان نے بھدرواہ فاریسٹ ڈویڑن کے چرالہ رینج میںدرختوں کی کٹائی کی اطلاعات کے حوالے سے بتایا کہ پولیس نے لوہار تھوا، سندر گوتھ، ڈرمن گڑھ، کٹا اور چرالہ کے علاقوں سے غیر قانونی طور پر کاٹے گئے سبز دیودار کے درختوں کو ضبط کیا۔ترجمان نے کہا کہ "چرالہ کے علاقے میںجنگل اسمگلروں کی طرف سے بہت سی مشینیں استعمال کی جا رہی ہیں جہاں مقامی لوگ بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جنگلات کی کٹائی پوری وادی چناب کے ماحول کو متاثر کر رہی ہے۔