سری نگر :۹۲،مئی: جے کے این ایس : محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق پیر کو سہ پہر5بجے موسم نے خطرناک رُخ اختیارکیا،اور کشمیروادی کے سبھی10اضلاع کے علاوہ خطہ پیرپنچال اور وادی چناب میں بھی گرج چمک کیساتھ درمیانی اورتیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ اس دوران سری نگراور بارہمولہ سمیت کئی علاقوںمیں تیز ہوائیں بھی چلیں اور کچھ مقامات پر ژالہ باری ہونے کی بھی اطلاع ملی۔محکمہ موسمیات نے 2جون تک موسمی صورتحال ابتر یادگرگوں رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ اس دوران جموں وکشمیر میں زیادہ ترمقامات پر وقفے وقفے سے گرج چمک کیساتھ بارشیں ہونے کاامکان ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیرکی سہ پہر4بجے ایک فوری الرٹ جاری کرتے ہوئے کہاکہ اگلے3گھنٹوں کے دوران اننت ناگ، بڈگام، بانڈی پور، بارہمولہ، ڈوڈہ، گاندربل، کولگام، کپواڑہ، پلوامہ، پونچھ، رام بن، شوپیاں اور سری نگر کے اضلاع میںموسلادھار بارش کا امکان ہے۔متعلقہ محکمے کی اس ہنگامی پیش گوئی کے عین مطابق سری نگرسمیت کشمیروادی کے سبھی دس اضلاع میں تیز ہوائیں چلنے کے بیچ گرج چمک کیساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ،اور کچھ وقت بعد ہی بارشوںکی رفتارمیں تیزی آئی اور بیشتر مقامات پر درمیانی اور موسلا دار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔سری نگرمیں بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے سے پہلے گہرے بادل چھاگئے اور لگ بھگ اڑھائی گھنٹے قبل ہی شہرمیں شام کا سماں پیداہوگیا ۔موسمی صورتحال کاخطرناک رُخ دیکھ کر بیشتر لوگوںنے اپنے گھروںکی راہیں لیں اور پھر ایک ایک کرکے تاجر اور دکاندار بھی اپنے گھروںکی جانب جانا شروع ہوگئے ۔محض کچھ منٹوںکی تیز بارشوں کے نتیجے میں سڑک کنارے ،چوراہے ،گلیاں اور کوچے پانی میں غوط زن ہوگئے اورلوگوںکو عبورومرورمیں سخت مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔سری نگر کیساتھ ساتھ وسطی کشمیرکے بڈگام اورگاندربل اضلاع میں بھی سہ پہر پانچ بجے سے گرج چمک کیساتھ درمیانی اورتیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ اُدھر بارہمولہ ،بانڈی پورہ اور کپوارہ اضلاع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیرمیں بھی سہ پہر چار بجے سے ہی گھنے بادل چھاگئے اور اسکے کچھ وقت بعدبارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ،جس میں بعدازاں کافی تیزی آئی ۔اننت ناگ ،پلوامہ ،شوپیان اورکولگام اضلاع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیرمیں بھی سہ پہر چار بجے سے ہی گھنے بادل چھاگئے اور اسکے کچھ وقت بعدبارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ،جس میں بعدازاں کافی تیزی آئی۔شمالی اور جنوبی کشمیرکے کچھ علاقوں سے تیز ہوائیں چلنے اور کچھ مقامات پرژالہ باری ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں ۔اس دوران جموں خطے کے راجوری وپونچھ اضلاع کے علاوہ رام بن،ڈوڈہ ،کشتواڑ اوراودھم پورمیں بھی پیرکی سہ پہر بارشوںکا سلسلہ شروع ہوگیا۔ابھی تک ملنے والی اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیرکے کم سے کم 15اضلاع میں کہیں ہلکی ،کہیں درمیانی اور بیشتر علاقوںمیں موسلا دار بارشوں کا سلسلہ جاری تھا۔اس دوران محکمہ موسمیات نے کہاکہ بارشوں کا رواں سلسلہ یا مرحلہ پیر کو شام دیر گئے کم سے کم 8یا9بجے تک جاری رہ سکتا ہے ۔متعلقہ محکمے نے مزیدبتایاکہ جموں وکشمیرمیں 2جون تک موسمی صورتحال دگرگوں اور ابتررہنے کاقوی امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ مغربی ہواﺅںکے عمل دخل سے جموں وکشمیر میں آسمان پرگہرے بادلوں کا جماﺅ ہے ،جس کی وجہ سے موسمی صورتحال اثراندازہوئی ہے ۔متعلقہ محکمے نے پیرکی صبح کہاکہ جموں خطہ کے کچھ حصوں میں دوپہر کے آخر میں بارش ہو سکتی ہے، جو شام کے وقت جنوبی کشمیر کے علاقوں میں پھیل سکتی ہے۔ مزید برآں، شام کے وقت وسطی کشمیر50فیصد اور شمالی کشمیر30فیصد بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے مزید کہاتھاکہ جنوبی کشمیر کے کچھ مقامات پر دوپہر 2 بجے کے قریب بارش بھی ہو سکتی ہے۔محکمہ نے مزید کہاکہ مسلسل بارش کا امکان نہیں ہے، لیکن وقفے وقفے سے بارش جمعرات تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ بدھ کی شام سے جمعرات کی صبح تک جموں خطہ کے کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش کا 40فیصد امکان ہے۔انہوں نے کہاکہ تیز ہواو ¿ں،ژالہ باری، اور تیز بارش کا امکان تمام دنوں میں موجود رہے گا۔محکمہ موسمیات کامزید کہناتھاکہ بارشوںکی وجہ سے دن کے وقت درجہ حرارت میں نمایاں کمی کی توقع ہے جبکہ اس دوران جموں سری نگر قومی شاہراہ پر پتھراورمٹی کے تودے گرآنے کااندیشہ رہنے گا،اور کچھ اونچی جگہوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے، خاص طور پر پیر پنجال سلسلے کے اونچے علاقوں میں۔