سری نگر:۱۳، مئی: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق منگل کو رات دیر گئے شروع ہونے والی درمیانی سے موسلا دار بارشوں کا سلسلہ کشمیروادی ،خطہ پیرپنچال،وادی چناب اورجموں خطے کے دوسرے علاقوںمیں بدھ کی سہ پہرتک وقفے وقفے سے جاری رہا جبکہ اس دوران سادھنا ٹاپ سمیت کچھ بالائی مقامات پرتازہ ہلکی برف باری بھی ہوئی ۔شہر سری نگرسمیت پورے کشمیرمیں مسلسل بارشوں سے معمول کی سرگرمیاں اثرانداز ہوکررہ گئیں جبکہ مٹی کے تودے اور پسیاں گرآنے کی وجہ سے سری نگرجموں قومی شاہراہ اور تاریخی مغل روڑ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بندکردیاگیا ،اور تاحال دونوں راستوں پرگاڑیوںکی آواجاہی معطل تھی ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کی صبح کی گئی تازہ پیش گوئی کے عین مطابق جموں وکشمیرکے مختلف علاقوںمیں منگل کو شام دیر گئے اوردوران شب درمیانی اورموسلا دار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔پوری رات کشمیروادی اور جموں خطے کے بیشتراضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بدھ کی صبح سے سہ پہرتک پورے جموں وکشمیرمیں آسمان پر گھنے اورگہرے بادل چھائے رہنے کے بیچ وقفے وقفے سے کبھی تیز توکبھی ہلکی بارشوں کا سلسلہ جاری رہا ۔مسلسل بارشوںکی وجہ سے سری نگرسمیت کشمیروادی کے بیشتر قصبہ جات کی سڑکوں ،گلی کوچوں اور بازاروںمیں پانی جمع ہوگیا ،جس وجہ سے لوگوںکو پیدل چلنے میں سخت دشواریوںکا سامنا کرنا پڑا۔مسلسل بارشوں کے بیچ بدھ کی صبح نونہال ،نوعمر اورنوجوان طلباءو طالبات چھتریاں لئے اپنے اپنے اسکولوں اورکالجوںکی جانب روانہ ہوئے ۔تاہم بازاروںمیں معمول کی نقل وحمل کم رہی ۔اُدھر سادھنا ٹاپ سمیت کچھ بالائی علاقوںمیں ہلکی برف باری ہونے کی اطلاع ملی ،اورجون کے مہینے میں برسوں بعدلوگوں نے برف باری کامشاہدہ کیا