اونتی پورہ: گورنمنٹ ہائی اسکول اونتی پورہ میں بدھ کو استانی اختر جان کی سبکدوشی پر الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جسمیں اسکولی بچوں اور اسکول انتظامیہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ واضح رہے کہ اختر جان قریباً تین دہائیوں تک محکمہ تعلیم میں بر سر پیکار رہ کر آج سبکدوش ہوئی۔ انہوں نے محکمے میں ایک بے داغ، صاف و شفاف، شاندار اور یادگار مدت گزاری۔ اس موقعے پر ان کی خدمات کو یاد کیا گیا۔ افتتاحی خطبے میں اسکول کے ایک استاد بشیر احمد میر نے کہا کہ درس وتدریس پیشہ نہیں بلکہ خدمت ہے، یہی وجہ ہے کہ اساتذہ کبھی سبکدوش نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سرکاری ملازم کے لئے مدت ملازمت مکمل کرکے باعزت سبکدوشی سے بڑا اعزاز دوسرا نہیں ہو سکتا۔ اسکول کے ایک اور استاد محمد منصورا اپنے تقریر میں اختر جان کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اللّه تعالی کا ان پر احسان عظیم اور لطف کرم ہے کہ صحت اور عزت کے ساتھ مدت ملازمت کی تکمیل یقینی بن گئی۔ عبدل مجید لون نے بھی اپنے کلیدی خطبے میں اختر کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر غلام حسن ڈار نے اپنے مختصر اور معتبر انداز میں تعلیمی میدان میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔ محمد امین بٹ نے اپنے شاعرانہ انداز میں اختر جان کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض عاشق کھانڈے نے انجام دئیے۔ اس موقعے پر اساتذہ کی طرف سے سبکدوش ہونے والی استانی اختر جان کو تحائف پیش کئے گئے۔