ناگپور: بھارت میں ایک شخص مسلسل 36 برس تک اپنے پھولے ہوئے غیرمعمولی پیٹ کے ساتھ گھومتا رہا اور اب معلوم ہوا ہے کہ اس کے پیٹ میں اپنے ہی جڑواں کی باقیات موجود ہیں۔ اس معاملے نے خود طبی ماہرین کو بھی حیران کردیا ہے۔
ناگپور سے تعلق رکھنے والے سنجو بھگت کا پیٹ کئی دہائیوں سے حاملہ خواتین کی طرح پھولا ہوا تھا اور اسے لوگ ’حاملہ مرد‘ کہہ کر پکارا کرتے تھے۔ اب حال ہی میں معلوم ہوا ہے کہ درحقیقت وہ ایک کمیاب طبی نقص ’فیٹس اِن فیٹو‘ یعنی جنین میں جنین کا شکار ہے۔ اسی کیفیت کو ’غائب شدہ جڑواں کا عارضہ‘ یا وینشنگ ٹوئن سنڈروم بھی کہا جاتا ہے۔
فیٹس اِن فیٹو میں یہ ہوتا ہے کہ اس میں جڑواں بچوں کے جنین بنتے ہیں لیکن ایک نامکمل رہ کر ضائع ہونے کی بجائے تندرست بچے میں پیوست ہوجاتا ہے۔ عام طور پر یہ انسانی باقیات کی صورت میں صحتمند بچے کے پیٹ میں رہ جاتا ہے اور ایک حد تک پروان بھی چڑھتا رہتا ہے۔