عاشق کھانڈے
اونتی پورہ // انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان ایجوکیشن کے طالب علموں نے آج گورنمنٹ ہائی اسکول اونتی پورہ میں دو نشتوں پر مبنی پروگرام منعقد کیا ۔ پہلی نشت میں نشہ اور اس سے پیدا ہونے والے نقصانات پر طلبا کو سیر حاصل جانکاری فراہم کی گئی ۔اس موقعے پر بتایا گیا کہ نشے کی لت ایک سنگین مسئلہ ہے، جو سماجی تانے بانے کو بری طرح متاثر کررہی ہے اور کسی بھی قسم کے نشے کی لت نہ صرف اس فرد کی صحت بلکہ اس کے کنبے اور پورے سماج پر اثر انداز ہوتی ہے ۔اس موقعے پر مقررین نے شرکاء کو نشہ کی بدعت سے پیدا ہونے والے نقصانات اور ان کا قلع قمع کرنے پر زور دیا تاکہ ایک نشہ مکت سماج وجود میں آسکے ۔ تقریر کرنے والوں میں ہمیرہ شفیق ، گلزار قادر ، وسیم فیروز اور عاشق کھانڈے شامل تھے ۔ دوسری نشست میں اسکول اور اس کے احاطے میں صفائی ستھرائی کا کام انجام دیا گیا جس میں اسکولی طلبا ، بی ایڈ کے طالب علموں ، اساتذہ اور دیگر عملے نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس موقعے پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اسکول سے وابستہ ہر کوئی فرد انفرادی اور اجتماعی طور اسکول کو صاف و پاک رکھنے میں بھر پور کردار ادا کرے گا ۔