سرینگر:۱۱؍جون
حالیہ کچھ دنوں سے دن کادرجہ حرارت متوازن رہنے کی وجہ سے پوری کشمیر وادی میں معتدل موسم محسوس کی جارہی ہے اور لوگ اب شدید گرمی جیسی صورتحال سے دوچار نہیں ہیں ۔اہلیان وادی کیساتھ ساتھ ملکی اور غیرملکی سیاح بھی کشمیرمیں جاری سازگار موسم سے لطف اندوز ہورہے ہیں ،تاہم جموں شہر اوراسکے نززدیکی اضلاع وعلاقوںمیں گرمی کی لہر جاری رہنے سے لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔جے کے این ایس کے مطابق مئی کے مہینے میں دن کادرجہ حرارت 30سے33ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کے بعد حالیہ کچھ دنوں سے سری نگرسمیت پوری کشمیر وادی میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے ریکارڈ ہورہاہے ،جسکے نتیجے میں مقامی اور غیر مقامی لوگ بشمول سیاح کشمیرمیں جاری سازگار اورخوشگوار موسم سے لطف اندوز ہورہے ہیں ۔پیر کی طرح ہی منگل کو بھی سری نگرمیں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30ڈگری سے کم رہاجبکہ شمال وجنوب وادی کشمیر کے باقی علاقوںمیں بھی درجہ حرارت اعتدال پرہی رہا۔اس دوران موسمیاتی مرکز سری نگر نے جموں میں ’ہیٹ ویو‘، کشمیر میں گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی ہے۔ موسمیاتی مرکز سری نگر نے ایک مختصر بیان میں کہاکہ جموں کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر اور جموں و کشمیر کے باقی حصوں میں گرم اور خشک موسم کی پیشین گوئی کے درمیان، زیادہ تر مقامات پر منگل کو رات کا درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا گیا۔ موسمیاتی مرکز سری نگر نے بتایا کہ 17 جون تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے ،تاہم الگ تھلگ مقامات پرگرج چمک کیساتھ ہلکی بارش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔موسمیاتی مرکز کے مطابق اس دوران جموں کے میدانی علاقوں میں گرمی کی لہر کی توقع ہے جبکہ جموں و کشمیر کے باقی مقامات پر گرم اور خشک موسم کا امکان ہے۔مرکز نے مزید کہا کہ 18سے21 جون تک، عام طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ دوپہر تک الگ تھلگ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔