سری نگر/12 جون2024ئ لیبر ڈیپارٹمنٹ جموںوکشمیر نے ہر برس 12 جون کو منائے جانے والے بچوں کی مزدوری کے خلاف عالمی دن کے موقعہ پر آج ایک آن لائن سمینار کا اِنعقاد کیا۔اِس کا عنوان” آئیے اَپنے وعدوں پر عمل کریںاوربچہ مزدوری کا خاتمہ“ تھا۔سمینارمیں محکمہ پولیس کے سینئر افسران اور اُن کے نمائندوں، لیبر ڈیپارٹمنٹ، سوشل ویلفیئر اور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اَفسران، ڈِسٹرکٹ چائلڈ ویلفیئر کمیٹیوں کے چیئرپرسن اور ممبران، جووینائل جسٹس بورڈوں کی نمائندگی کرنے والے ممبران، چائلڈ لائن، ایڈووکیسی گروپوں کے نمائندوں، جموںوکشمیر یوٹی کے تمام اَضلاع میں چائلڈ لیبر شعبے میں کام کرنے والے ٹریڈرس فیڈریشنوں اور دیگر شراکت داروںنے شرکت کی۔ لیبر کمشنرچرن دیپ سنگھ نے اپنے کلیدی خطاب میں بچوں کی مزدوری کے خاتمے اور بچوں کو اِستحصال سے بچانے کے لئے اِجتماعی کاررِوائی کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا کہ چائلڈ لیبر کا خاتمہ آئین میں درج ہے اور اس مسئلے پر ایکٹ اور قوانین بھی بنائے گئے ہیں اور حال ہی میں ہندوستان نے چائلڈ لیبر پر اِنٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے دو اہم کنونشنز کنونشن نمبر 182 اور کنونشن نمبر 138 کی توثیق کی ہے اور بالترتیب چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے قومی پالیسیاں تشکیل دیں۔