سرینگر;کویت میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں 40سے زائد ہندوستانیوں کی موت کے بعد وزارت خارجہ اور ہندوستانی سفارت خانہ حرکت میں آگئے۔ کیرتی وردھن سنگھ، جنہوں نے اس ہفتے وزیر مملکت برائے امور خارجہ کے طور پر حلف لیا، جمعرات کو کویت پہنچے اور جائے حادثہ کا دورہ کیا۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق کویت میں ہندوستانی سفارت خانے نے جمعرات کی سہ پہر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘X’ پر لکھا، "جناب وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر ریاستی وزیر کیرتی وردھن سنگھ آگ میں زخمی لوگوں کی امداد کی نگرانی کے لیے کویت پہنچے۔ سانحہ اور اس بدقسمت واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں واپس لانے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ رابطہ قائم کیا جائے گا۔زخمی ہندوستانی لوگوں کی مدد اور مرنے والوں کی لاشوں کو ہندوستان واپس لانے کے لئے کویت روانہ ہونے سے پہلے سنگھ نے کہا کہ جب تک ہمیں ضرورت ہوگی ہم وہاں رہیں گے۔انہوں نے یہ بھی مزید کہا کہ "ہم نے گزشتہ شام وزیر اعظم سے ملاقات کی تھی۔ جیسے ہی ہم وہاں پہنچیں گے، صورتحال واضح ہو جائے گی۔ متاثرین کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ فضائیہ کا ایک طیارہ تیار ہے۔ انہوں نے کہا لاشوں کی شناخت ہو گئی، اہل خانہ کو آگاہ کر دیا جائے گا اور گزشتہ رات ہمارے پاس آنے والے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 48 سے 49 ہے جن میں سے 42 یا 43 ہندوستانی ہے۔ قبل ازیں ای اے ایم جے شنکر نے کہا کہ انہوں نے کویتی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشیں جلد از جلد ہندوستان بھیجیں۔ انہوں نے کہا کہ کویتی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ دوسری جانب کویت میں ہندوستانی سفیر آدرش سویکا نے حادثے کے فوری بعد جائے حادثہ اور اسپتالوں کا دورہ کرکے ہندوستانی شہریوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ہندوستانی سفارت خانہ اس واقعہ میں زخمی ہندوستانیوں کی مدد کرنے اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے مقامی حکام کے ساتھ رابطہ کر رہا ہے۔ سفارت خانے نے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر 965-655052246 جاری کیا ہے۔وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا، "بدھ کو کویت کے منگاف علاقے میں مزدوروں کی رہائش گاہ میں آتشزدگی کے اندوہناک واقعے میں تقریباً 40ہندوستانی ہلاک اور 50سے زیادہ زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو کویت کے پانچ سرکاری اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ عدن، جابر، فروانیہ، مبارک الکبیر اور جہرہ ہسپتال) اور انہیں مناسب علاج دیا جا رہا ہے۔