پلوامہ :۱۴؍جون
بڑھتے سائبر جرائم کیخلاف لڑنے اور سائبر سیکورٹی کو تقویت دینے کے ایک اہم اقدام کے تحت پلوامہ ضلع میں سائبر کرائم سیل یونٹ قائم کیا گیا ہے۔اسی دوران ایس ایس پی پلوامہ نے کہا کہ سیل قائم ہونے کے بعد اب تک 36شکایات موصول ہوئی جن پر کارروائی جاری ہے ۔ سی این آئی کو نمائندے نے اس ضمن میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ جنوبی ضلع پلوامہ میں سائبر جرائم سے نمٹنے کیلئے ضلع پولیس نے سائبر سیل یونٹ قائم کیا ہے ۔ اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ایس ایس پی پلوامہ پی ڈی نتیا نے اس بات پر زور دیا کہ سائبر سیل ضلع کے اندر سائبر سے متعلق خطرات اور جرائم سے نمٹنے اور ان سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سائبر کرائم سیل یونٹ کا افتتاح 8 جون کو پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے ایک عوامی شکایات دربار کے دوران کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ان کا محکمہ عوامی خدشات کو دور کرنے اور کمیونٹی کی حفاظت کو کیلئے پرعزم ہے، انہوں نے مزید کہا کہ سیل کی سربراہی ڈی وائی ایس پی رینک کا افسر کرے گا اور سائبر کرائمز کو جلد از جلد حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔