سری نگر/15 جولائی2024ئچیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں شراکت داروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی تاکہ پھلوں سے لدے ٹرکوں کے لئے سری نگر ۔ جموں قومی شاہراہ پر سفر کے وقت کو مزید کم کرنے کے طریقے اور ذرائع تلاش کئے جاسکیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ، پرنسپل سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار،صوبائی کمشنر کشمیر ، آئی جی ٹریفک اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ جموں میں مقیم افسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔چیف سیکرٹری نے وادی سے پھلوں کے ٹرکوں کی روانی کے حوالے سے پھلوں کے ٹرکوں کی آسان روانی کے لئے جامع منصوبہ بنانے پر زور دیا ۔ اُنہوں نے پھلوں سے لدے ٹرکوں کی شناخت کے لئے خصوصی طور پر تیار کردہ سٹیکروںکے ساتھ نشان زد کرنے اور باہر منڈیوں تک بلا روک ٹوک رَسائی فراہم کرنے کو کہا تاکہ کاشتکاروں کو کوئی نقصان نہ ہو۔اُنہوں نے افسران سے کہا کہ وہ قومی شاہراہ۔ 44 پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے کے لئے مغل روڈ اور جواہر ٹنل جیسے متبادل اثاثوں کو بہتر طریقے سے اِستعمال کریں۔ اُنہوں نے انہیں ہدایت دی کہ جموں کی طرف جانے والے آئیل ٹینکروں اور دیگر خالی ٹرکوں کو مغل روڈ پر جانے کی ہدایت دی جائے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئزی گنڈ ٹنل کے ذریعے تاخیر کا خدشہ ہونے کی صورت میں فروٹ ٹرکوں کے پاس جواہر ٹنل کا اِستعمال کرنے کا آپشن ہونا چاہئے۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے زیادہ ٹریفک کا رُخ موڑ دیا جائے گا جس سے گاڑیوں کی آمدورفت میں آسانی ہوگی۔
این ایچ اے آئی سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ مگرکوٹ کے قریب گڑھے والے حصے کو بلیک ٹاپ کرنے کے علاوہ سڑک کی مجموعی سطح کو مزید بہتر بنائے۔