سری نگر/15 جولائی2024ئسیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے 10محرم الحرام سے قبل آج زڈی بل اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور اِس مبارک موقعہ پر فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے زڈی بل کے مرکزی امام بار گاہ خوشحال سر میں میر شمس الدین عراقی ؒ کی زیارت گاہ کا دورہ کیا اور لوگوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کااَز خود جائزہ لیا۔ اُنہوں نے یو پی ایچ سی زڈی بل کا بھی دورہ کیا اور ہسپتال کے تمام شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری صحت نے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران عوام کو بہترین ممکنہ خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اُن کے ہمراہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، چیف میڈیکل آفیسر سری نگر اور محکمہ کے دیگر اَفسران بھی تھے۔ڈاکٹر عابدرشید نے بزرگ شہریوں اور اِنتظامیہ کمیٹی کے اَراکین سے بات چیت کی جنہوں نے اِنتظامات اور فراہم کی جانے والی خدمات پر اطمینان کا اِظہا رکیا۔اُنہوں نے یقین دِلایا کہ محکمہ محرم الحرام کے دوران عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرے گا۔محکمہ صحت بالخصوص محرم الحرا م جیسے اہم مذہبی موقعوں پر عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے پُرعزم ہے۔