کپواڑہ/18 جولائی2024ئضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈان کی صدارت میں آج مختلف سرکاری محکموں کے زیر اِستعمال عمارتوں کے رینٹ اسسمنٹ کے مختلف معاملوں کو حتمی شکل دینے کے لئے ڈِسٹرکٹ رینٹ اسسمنٹ کمیٹی(ڈی آر اے سی) میٹنگ منعقد ہوئی۔ڈی آر اے سی میٹنگ کے دوران ماہانہ کرایہ طے کرنے کے لئے سرکاری محکموں بشمول سکولی تعلیم ، ہینڈی کرافٹ اینڈ ہینڈلوم ، سوشل ویلفیئر ، فوڈ سول سپلائز اینڈ کنزیومر افیئرز ، صحت ، سکل ڈیولپمنٹ ، آیوش ، آر اینڈ بی ، محکمہ لائبریریز اینڈ ریسرچ ، میڈیکل کالج اور پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ذریعہ اِستعمال کی جانے والی عمارتوں کے کرایہ کے 37 معاملات کمیٹی کے سامنے رکھے گئے۔کمیٹی نے رینٹ اسسمنٹ کے تمام معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا اور مختلف اِنتظامی اور دیگر ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر معاملے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اِس موقعہ پر کل 37 معاملات میں سے 27 معاملات کی منظوری دی گئی جبکہ 10 دیگر معاملات کو کچھ تکنیکی خامیوں کی وجہ سے دوبارہ پیش کیا جانا تھا۔چیئرپرسن ڈِی آر اے سی نے کرایہ کے مکانات سے جی ایم سی بوائز اینڈ گرلز ہوسٹل کے کام کاج اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کرناہ، کیرن، مژھل ،جمگنڈ، کمکاڈی اور بڈنمبل کے دور دراز علاقوں میں موسم سرما کے سٹاک کو ذخیرہ کرنے کے لئے فوڈ سٹور کی عمارتوں کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔
ضلع ترقیاتی کمشنرنے افسران پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ خالی گورنمنٹ عمارتوں پر سرکاری مقاصد کے لئے قبضہ کیا جائے اور کرائے کی رہائش آخری آپشن رہے۔
اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ محکمے ترجیحی بنیادوں پر سرکاری عمارتوں کی تعمیر کریں۔