سری نگر/31جولائی2024ئسیکرٹری صحت وطبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ نے آج جموںوکشمیر میں 108اور 102 ایمبولینس ایمرجنسی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں مشن ڈائریکٹر نیشنل ہیلتھ مشن جموں و کشمیر ناظم ضیاءخان ،منیجنگ ڈائریکٹر جموں و کشمیر میڈیکل سپلائی کارپوریشن لمیٹڈ کپل شرما،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں،ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، ڈائریکٹرفائنانس صحت و طبی تعلیم اور دیگر متعلقہ افراد نے ذاتی طور پر اور ورچیول موڈ شرکت کی۔دورانِ میٹنگ ڈاکٹر سیّد عابد رشید نے ایمبولینس خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خطے کے لئے ایک”اہم خدمت“قرار دیا۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے طول و عرض میں ان خدمات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے ان خدمات کو برقرار رکھنے اور بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوںنے مزید کہا کہ 2020 ءمیں اپنے آغازکے بعد سے ان ہنگامی خدمات نے بالخصوص دُور دراز اور مشکل ترین علاقوں میں متعدد جانیں بچانے میں اہم کردار اَدا کیا ہے ۔
میٹنگ میں ان خدمات کی کامیابی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ان خدمات نے کمیونٹی کو بالخصوص مشکل اور دور دراز علاقوں میں نمایاں اَثر ڈالا ہے ۔
میٹنگ کے آغاز میں جانکاری دی گئی کہ 108 ہیلپ لائنز فی الحال 203 ایمبولینس چلا رہی ہیں جبکہ 102 ایمرجنسی سروسز جموں و کشمیر میں 286 ایمبولینسوں کا انتظام کرتی ہیں۔ 108 ایمبولینس خدمات کے آغاز کے بعد سے جون 2024 ءتک مجموعی طور پر 311,176 مریضوں کو منتقل کیا جاچکا ہے۔ مزید برآں ، 24 مارچ 2020 ءسے 30 جون 2024 ءتک خدمات کے لئے 3,855,259 کالیں موصول ہوئیں جو کہ ایک مضبوط اور بڑھتے ہوئے عوامی ردِّعمل کی عکاسی کرتی ہیں۔
ان خدمات میں شامل انسانی وسائل میں 886 اہلکار شامل ہیں جن میں ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشنز ، ڈرائیورز ، ایمرجنسی رسپانس سینٹر فزیشنز اور بائیومیڈیکل ٹیمیں شامل ہیں۔
ڈاکٹر عابدرشید نے ایمبولینس خدمات کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا لیکن جموں و کشمیر کے عوام کی مزید خدمت کے لئے باقاعدگی سے بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے اَفسروں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اِستفادہ کنندگان کو بغیر کسی رُکاوٹ کے اس سروس کے فوائد حاصل کریں۔
ڈاکٹر عابد نے تمام متعلقہ افراد پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کی خدمت میں تندہی اور ہمدردی کے ساتھ کام کریں۔