زبیرقریشی
جموں اینڈ کشمیر فکشن رائٹرس گلڈ کی ایک دہائی اور تین سو نشستیں مکمل ہونے پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد ہفتہ کو سرینگر میں کیا گیا جس دوران گلڈ کے دس سالہ سفر کو احسن طریقے سے منایا گیا۔ تقریب میں وادی کے اعتراف و اکناف سے آئے ادبا ء کی ایک کہکشان موجود تھیں۔
تقریب کی صدارت اردو اور پنجابی کے ممتاز ادیب اور ساہتیہ اکادمی ایوارڈی خالد حسین نے کی جبکہ ایوان صدارت میں جسٹس کرمانی(ر)، معروف فکشن نگار نور شاہ، ایاز رسول نازکی، گلڈ کے سرپرست وحشی سید اور صدر ڈاکٹر نذیر مشتاق بھی موجود تھے۔
تقریب کے آغاز میں وحشی سعید نے سبھی مہمانوں کا استقبال کیا جس کے بعد معروف ادیب و فلم میکر فیاض دلبر نے کلیدی خطبہ پیش کیا جس میں انہوں نے جموں کشمیر میں فکشن اور فکشن رائٹرس گلڈ کے کرادر کے تعلق سے تفصیلی بات کی۔
اس موقعے پر گلڈ کی جانب سے تیار کردہ انتھالوجی ‘ سوغات’ کی بھی رسم رونمائی انجام دی گئی جسے ڈاکٹر نزیر مشتاق اور شفیع احمد نے ترتیب دیا ہے۔
تقریب کے دوران ظریف احمد ظریف اور پرفیسر فاروق فیاض نے اپنی تحاریر گلڈ کے سرپرست وحشی سعید کو پیش کیں جبکہ معروف ادیب اور مصور روف قیاسی نے احتر محی الدین کا سکیچ گلڈ کو پیش کیا۔
تقریب کے دوران جموں کشمیر میں فکشن اور گلڈ کے رول کے موضوع پر ایک بحث کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں صف سامعین میں تشریف فرما کئی مقتدر شخصیات نے حصہ لیا۔ بحث کی نظامت سلیم سالک نے احسن طریقے سے انجام دی
اس موقعے پر پروفیسر گلشن مجید کو ان کی نمایاں کارکردگی اور متعدد ادبی اصناف میں ان کی مثالی خدمات کے اعتراف میں فکشن ایوارڈ برائے سال 2024 سے نوازا گیا جبکہ معروف ادیب غلام نبی شاہد کو ان کی غیر متزلزل لگن پر شہزادہ بسمل میموریل ایوارڈ برائے سال 2024 سے سرفراز کیا گیا۔
گلڈ کے صدر ڈاکٹر نذیر مشتاق، جو ایک معالج اور اردو اور کشمیری زبان کے فکشن نگار ہیں، نے گلڈ کو درپیش چیلنجوں پر بات کی اور اس اجتماعی جوش اور باہمی تعاون پر روشنی ڈالی جس نے تنظیم کو برقرار رکھنے میں مدد کی ہے۔
معروف ناول نگار ایاز رسول نازکی نے مختلف چیلنجوں کے باوجود اپنے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے گلڈ کے اراکین کی کگن اور عزم کی تعریف کی۔
نظامت کے فرائض نامور ادیب ناصر ضمیر نے انجام دیئے تقریب کا اختتام معروف کشمیری ادیب اور ساہتیہ اکادمی ایوارڈ یافتہ محی الدین ریشی کی تحریم شکریہ کے ساتھ ہوا، جس میں انہوں نے تمام حاضرین اور گلڈ کے سفر میں تعاون کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔