سری نگر:۸ اگست: : سپریم کورٹ آف انڈیاکی ہدایت پر30ستمبر2024تک جموں وکشمیرمیں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا حتمی جائزہ اور فیصلہ لینے کیلئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی 3 رکنی اعلیٰ سطحی ٹیم چیف الیکشن کمشنر راجیو کمارکی قیادت میں3روزہ دورے کے سلسلے میں جمعرات کی صبح10بجے سری نگرپہنچی ۔سری نگر بین الااقوامی ہوائی اڈے سے جھیل ڈل کے کنارے پر واقع شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر SKICCپہنچنے پریہاں مکمل الیکشن کمیشن کااستقبال جموں وکشمیرکے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پول،صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بیدھوری ،اے ڈی جی پی امن وقانون وجے کمار ،ڈپٹی کمشنر سری نگر ڈاکٹر بلال محی الدین اور دیگرسیول وپولیس افسران نے کیا ۔جے کے این ایس کے مطابق الیکشن کمیشن آف انڈیا کی 3 رکنی اعلیٰ سطحی ٹیم چیف الیکشن کمشنر راجیو کمارکی قیادت میںشیڈول کے مطابق شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر SKICCپہنچنے کے بعد تقریباً11بجے مختلف سیاسی جماعتوں بشمول نیشنل کانفرنس ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ، بی جے پی، کانگریس،پیپلز کانفرنس،سی پی آئی ایم ،اپنی پارٹی اور جموں و کشمیر پینتھرس پارٹی کے نمائندوں کیساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔سیاسی جماعتوں کے نمائندوںنے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق 30ستمبرتک اسمبلی انتخابات کرانے کی اپیل کرتے ہوئے یہ بھی کہاکہ سبھی جماعتوں کو الیکشن مہم کے دوران تمام ضروری سہولیات بہم رکھی جائیں اور سبھی کیلئے بلاکسی تفریق کے سیکورٹی کے مکمل انتظامات کئے جائیں ۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمارکی قیادت میں الیکشن کمیشن کی تین رکنی اعلیٰ سطحی ٹیم نے تقریباً2بجے تک سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کیساتھ الگ الگ تبادلہ خیال کیا ،اور اُن سے الیکشن کے بارے میں رائے جانی ۔چیف الیکٹورل آفیسر، جموں و کشمیر کے دفتر نے منگل کو مختلف سیاسی جماعتوں کو خطوط جاری کیا تھا، جس میں اُنہیں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ساتھ میٹنگ کےلئے مدعو کیا گیا تھا۔سیاسی جماعتوں کو الیکشن کمیشن سے ملاقات کے لئےٹائم سلاٹ دے دیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ نیشنل کانفرنس ، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ، بی جے پی، کانگریس،پیپلز کانفرنس،سی پی آئی ایم ،اپنی پارٹی اور جموں و کشمیر پینتھرس پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے الیکشن کمیشن ٹیم سے ملنے کےلئے SKICC پہنچے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیاجموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کے لئے سپریم کورٹ کی30 ستمبر کی آخری تاریخ سے چند ہفتے قبل مجوزہ انتخابات کےلئے تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے جموں وکشمیر کا تین روزہ دورہ کررہاہے ۔معلوم ہواکہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کیساتھ الگ الگ تبادلہ خیال کے بعد چیف الیکشن کمیشنر راجیوکمار نے الیکشن کمشنر گیانش کمار اور ایس ایس سندھو کے ہمراہ 2بجے سے جموں وکشمیرکے تمام 20اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں ،ایس ایس پیز اور ایس پیز کیساتھ ایک طویل میٹنگ کی ،جس میں سری نگر سے باہر کے کئی ڈپٹی کمشنروں اور پولیس افسروںنے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی ۔یہ طویل میٹنگ شام کے تقریباً7بجے تک جاری رہی ،جسکے بعد الیکشن کمیشن کے ذمہ داروںنے الیکشن تیاریوںکا جائزہ لینے کیلئے شام7بجے سے CEO،SPNO،CPMFنوڈل آفیسرکیساتھ بھی ایک اہم میٹنگ کی ،جس دوران الیکشن سے جڑے افسران نے الیکشن کمیشن کو بتایاکہ انہوںنے مجوزہ اسمبلی انتخابا ت کے حوالے سے اپنی تیاریاں جاری رکھی ہیں ۔دستیاب تفصیلات کے مطابق 9اگست بروز جمعہ کو صبح 9بجے چیف الیکشن کمیشنر راجیوکمار نے الیکشن کمشنر گیانش کمار اور ایس ایس سندھو کے ہمراہ،جموں وکشمیرکے چیف سیکرٹری اتل ڈلو اورڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں وکشمیر آرآرسوائن کے ساتھ تازہ سیکورٹی صورتحال اور الیکشن تیاریوں کا بھی جائزہ لےا۔سیول اور پولیس انتظامیہ کے سربراہان نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم کو جموں وکشمیرکی تاز ہ سلامتی صورتحال کیساتھ ساتھ الیکشن کے حوالے سے کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں بھی مکمل جانکاری فراہم کی ۔معلوم ہواکہ سری نگرمیں اپنی ضروری مصروفیات کو مکمل کرنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر راجیو کمارکی قیادت میںالیکشن کمیشن کی تین رکنی ٹیم ،جموں روانہ ہوگی ،جہاں جمعہ کو دوپہر ایک بجے ٹیم کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کےساتھ جائزہ میٹنگ کرے گی ۔3 روزہ دورہ 10 اگست کو جموں میں اختتام پذیر ہوگا ،جہاں مکمل الیکشن کمیشن، ایک پریس کانفرنس بھی کرے گا تاکہ میڈیا کو جائزہ کے عمل سے آگاہ کیا جا سکے۔






