سرینگر:۱؍ اکتوبر
جموں و کشمیر میں تین مرحلوں پر مشتمل اسمبلی انتخابات آج آخری اور تیسرے مرحلے کی پولنگ کے ساتھ اختتام پذیر ہوئے ہیں۔ تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت جموں کشمیرکے7اضلاع میں40 اسمبلی نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے گئے جس دوران مجموعی طور پر 69.65 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 16 اگست 2024 کو باقاعدہ شیڈول جاری کیا تھا۔ 24 اسمبلیوں کے لیے پولنگ 18 ستمبر کو، 26 اسمبلیوں کے لیے دوسرا مرحلہ 25 ستمبر کو اور آخری مرحلہ آج 40 اسمبلی حلقوں کے لیے منعقد ہوا۔ پہلے مرحلے میں پولنگ کا تناسب 61.38فیصد، دوسرے مرحلے میں 57.31 اور آخری تیسرے مرحلے میں پولنگ کا تناسب 69.65فیصد (عارضی) رہا راہم اس میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے ۔ مجموعی طور پر رائے دہی کی شرح فیصد 63.45 فیصد (عارضی) درج کی گئی ہے۔ تیسرے اور آخری مرحلے کے لئے سات اضلاع پر محیط چالیس سیٹوں پر پولنگ پر امن اور خوشگوار ماحول میں اختتام کو پہنچی۔ علاقے کے خوبصورت پس منظر میں پولنگ سٹیشنوں پر قطاروں میں کھڑے ووٹروں کے صبر کے ساتھ انتظار کرنے والے مناظر نے جمہوریت پر لوگوں کے پختہ اعتماد کو اجاگر کیا۔ تہوار کا موڈ اور پرجوش شرکت ان تمام اضلاع میں واضح تھی جو تین مرحلوں میں ہونے والے انتخابات میں پولنگ کے لیے گئے تھے، جس نے شہری شرکت کے نئے جذبے اور لوگوں کے اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کرنے کے ساتھ ایک نئے دور کی امید کو اجاگر کیا۔چیف الیکشن کمیشن راجیو کمار نے کہا کہ "جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات نے جمہوریت کی ایک اہم گہرائی کو نشان زد کیا ہے جو تاریخ کے صفحات میں گونجے گا اور آنے والے برسوں تک خطے کی جمہوری روح کو متاثر کرتا رہے گا۔ انہوں نے ان انتخابات کو جموں و کشمیر کے عوام کے لیے وقف کیا اور جمہوری عمل میں ان کے عزم اور یقین کو تسلیم کیا۔ پرامن اور حصہ لینے والے انتخابات تاریخی ہیں، جس میں جموں و کشمیر کے لوگوں کی مرضی سے جمہوریت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوطی سے جڑیں پکڑ رہی ہے۔یہ انتخابات 16 اگست 2024 کو جموں و کشمیر میں عام انتخابات کے اعلان کے دوران CEC راجیو کمار کے اعتماد کے ووٹ کے مطابق جمہوریت کے حق میں ایک زبردست بیان تھا۔ مذموم اور دشمن مفادات کی شکست اور جمہوریت کی فتح کا مشاہدہ کریں۔تیسرے مرحلے کے تحت آج صبح 7 بجے شروع ہونے والی پولنگ میں40 اسمبلی حلقوں میں ووٹنگ بغیر کسی تشدد کے پرامن طریقے سے ہوئی اور شام 7 بجے تک پولنگ اسٹیشنوں پر 65.58 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔اسمبلی انتخابات کے اس آخری مرحلے کے لئے رائے دہندگان کی کل تعداد 39 لاکھ 18 ہزار2 سو22 ہےجن میں سے 20 لاکھ9 سو33 مرد جبکہ19 لاکھ9 ہزار1 سو30 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔کشمیرصوبے میں منگل کو اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے میں زائد از 61 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔بارہمولہ ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ میں 16اسمبلی حلقوں میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔حکام کے مطابق بارہ مولہ میں 47.95 فیصدووٹنگ درج ہوئی، اوڑی میں 64.81، رفیع آباد میں 58.39، پٹن میں 60.87، گلمرگ میں 64.19، سوپور میں 41.44اور واگورہ کریری میں 56.43فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔کپواڑہ میں 59.68 فیصد، کرناہ میں 66.30 فیصد، ترہگام میں 62.27فیصد، ہندواڑہ میں 69.06فیصد، لولاب میں 61.22 فیصد اور لنگیٹ میں 59.81فیصد ووٹ پڑے ۔بانڈی پورہ ضلع کے سونہ واری میں 65.56، بانڈی پورہ میں 62 فیصد، گریز میں 75.89فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی۔پٹن، سوپور ، بارہ مولہ کو چھوڑ کر بارہ مولہ کی تیرہ نشستوں پر سال 2024کے پارلیمانی انتخابات کے مقابلے میں ووٹنگ شرح کم ریکارڈ کی گئی۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق کپواڑہ ضلع میں 62.76فیصد ، بانڈی پورہ میں 64.85اور بارہ مولہ میں 55.73فیصد پولنگ ہوئی ہے۔دفعہ 370کی منسوخی کے بعد جموں وکشمیر میں پہلی مرتبہ اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے ، آج ووٹروں میں جوش و جذبہ دیکھا گیا ، یہاں تک کہ ان علاقوں میں بھی اچھے خاصے ووٹ پڑے جہاں پر بائیکاٹ کی روایت سالہا سال سے چلی آ رہی تھی۔بارہ مولہ کا اولڈ ٹاون جو کھبی بائیکاٹ کا گڑھ سمجھا جاتا تھا وہاں پر بھی لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا۔اُدھرصوبہ جموں میں جن 24 سیٹوں کی پولنگ ہو رہی ہے ان میں اودھم پور ویسٹ، اودھم پور ایسٹ، چنی، رام نگر (ایس سی)، بنی، بلاور، بسولی، جسروٹہ، کٹھوعہ (ایس سی)، ہیرا نگر، رام گڑھ (ایس سی)، سانبہ، وجے پور،بشنا (ایس سی)، سچیت گڑھ (ایس سی)، آر ایس پورہ، جموں سوتھ، باہو،جموں ایسٹ، نگروٹہ، جموں ویسٹ،جموں نارتھ،اکھنور (ایس سی) اور چھمب شامل ہیں۔جموں کے پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سویرے ہی لوگوں کو قطاروں میں دیکھا گیا ۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کے مطابق اکھنور میں شام سات بجے تک 76.28فیصد ووٹنگ ریکارڈ ہوئی، باہو میں 57.7فیصد، بانی میں 71.24، بسولی میں 67.24، بلاور میں 69.64، بشنا میں 72.75، چنانی میں 73.79، چھمب میں 77.35، ہیرا نگر میں 71.18، جموں ایسٹ میں 60.21، جموں نارتھ میں 60.79، جموں ویسٹ میں 56.31، جسروتہ میں 71.79، کٹھوعہ میں 71.49، مارہ میں 76.10، نگروٹہ میں 72.94، آر ایس پورہ میں 61.65، رام گڑھ میں 73.10فیصد، رام نگر میں 70.38، سانبہ میں 71.16، سچیت گڑھ میں 68.02، ادھم پور ایسٹ میں 74.7، ادھم پور ویسٹ میں 73.20، وجے پور میں 73.5فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ۔جموں کے آر ایس پورہ میں والمیکی سماج اور پاکستانی پناہ گزنیوں نے پہلی دفعہ اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔قابل ذکر ہے کہ جموں وکشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ یکم اکتوبر کو اختتام کو پہنچی جبکہ پہلے اور دوسرے مرحلے کی پولنگ بالترتیب 18 اور 25 ستمبر کو ہوئی۔ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔یہ دفعہ370 کی تنسیخ کے بعد جموں و کشمیر میں ہو رہے پہلے اسمبلی انتخابات ہیں۔