سرینگر////3نومبر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سری نگر میں گرینیڈ حملے پر ڈی جی پی، نلین پربھات اور سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام سے بات کی۔ انہوں نے سیکیورٹی حکام کو دہشت گردوں اور ان کے ساتھیوں کو سزا دینے کے لیے موثر اور بھرپور جواب دینے کی ہدایت کی۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر نے دہشت گرد عناصر کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دینے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔”ہمارے شہریوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گردوں کو اپنے اعمال کی بہت بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے سینئر سکیورٹی حکام سے کہا آپ کو دہشت گرد تنظیموں کو کچلنے کی مکمل آزادی ہے اور اس مشن کو مکمل کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔لیفٹیننٹ گورنر نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی اور ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ ہر ممکن مدد فراہم کرے۔